علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے “رزلٹ کی درستگی اور ری چیکینگ”کا آن لائن نظام متعارف کرادیا

اسلام آباد(سی این پی) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے “رزلٹ کی درستگی اور ری چیکینگ”کا مربوط اور منظم آن لائن نظام متعارف کرادیا ہے۔اس نظام کے تحت ملک بھر سے یونیورسٹی کے طلبہ اپنے نتائج کی درستگی اور ری چکینگ کے لئے درخواستیں آن لائن جمع کرسکتے ہیں ، یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر امتحانات کے بکس کے اندر “رزلٹ ری چیکنگ اپلیکیشن”کے نام سے لنک کو کلک کرنے سے آن لائن فارم تک رسائی حاصل ہو جاتی ہے ۔آن لائن فارم جمع کرنے کے بعد ، طلبہ اپنی درخواست کا سٹیٹس بھی اسی لنک سے معلوم کرسکیں گے۔آن لائن درخواستیں موصول ہوتے ہی شعبہ امتحانات اِن درخواستوں پر کارروائی کا آغاز کرے گی اور کم سے کم وقت میں مسئلے کو حل کرے گی۔اِس نظام سے طلبہ کے وقت کی بچت ہوگی اور انہیں یونیورسٹی کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ساڑے تین سال قبل ، پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی نے وائس چانسلر کے عہدے کا چارج سنبھالتے ہی یونیورسٹی کی مجموعی ترقی کے لئے چند اہداف مقرر کئے تھے جن میں طلبہ کی سہولتوں میں اضافے اور ڈیلیوری سسٹم کی بہتری کو خصوصی اہمیت حاصل تھی۔طلبہ کے ساتھ فوری رابطے کے لئے نئی ٹیکنالوجی کا استعمال شروع کیا گیا ہے۔ ملک بھر میں موجود یونیورسٹی کے لاکھوں طلبہ و طالبات کوکتابوں کی ترسیل سے امتحانات اور نتائج تک پھیلے ہوئے پورے تدریسی دورانیہ میں پیش آنے والے تمام امور کی فوری اطلاع دینے کے لئے ایس ایم ایس اورکمپیوٹرائزڈ ٹریکنگ نظام شروع کیا گیا ہے ۔ کمپیوٹرائزڈ ٹریکنگ نظام سے طلبہ گھر بیٹھے اپنا داخلہ ہونے کی تصدیق ، کتابوں کی ترسیل کے بارے میں معلومات حاصل کرسکتے ہیںاور اسناد اور ڈگریوں کی معلومات بھی حاصل کرسکتے ہیں۔علاوہ ازیں وائس چانسلر نے طلبہ کو مطلوبہ معلومات تک آسان رسائی کے لئے اورطلبہ کے سوالات و مسائل کے حل کے لئے “آن لائن کمپلینٹ مینجمنٹ سینٹر” بھی قائم کیا ہے جس سے طلبہ کو آن لائن اپنی شکایات درج کرانے کی سہولت حاصل ہوچکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں