حکومت کا بنیادی مقصد معیشت کی ترقی اور عالمی تجارت بڑھانا ہے،مشیر خزانہ

کراچی(سی این پی) مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ حکومت کے بنیادی مقاصد میں معیشت کی ترقی اور عالمی تجارت بڑھانا ہے، برآمدات میں اضافے اور درآمدات کے لیے کسٹم کا کردار اہم ہے۔تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ عبد الحفیظ شیخ نے کسٹم ڈے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کسٹم کی کارکردگی قابل ستائش اور پاکستانی معیشت میں کردار اہم ہے۔عبد الحفیظ شیخ کا کہنا تھا کہ غیر ملکی اور اوور سیز پاکستانیوں کو ملک آمد پر بہترین سہولتیں دینا ضروری ہے، کسٹم حکام کو اس ذمے داری کو پورا کرنے اور ادارے کا تاثر بہتر بنانا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں جدید اصولوں کے مطابق خدمات کو بہتر بنانا ہے، گزشتہ ڈیڑھ سال میں پاکستان آنے والوں کی تعداد دگنی ہوگئی ہے۔ کسٹم پاکستان کا چہرہ ہے، اس سے معلوم ہوتا ہے پاکستان کیسا ہے۔مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ قومی اہداف پورے کرنے کے لیے کسٹم کا کردار اہمیت کا حامل ہے، لوگ کسٹم سے متعلق پریشانی نہیں چاہتے۔ اوور سیز پاکستانی آمد پر خوش اسلوبی سے کسٹم سے گزرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے بنیادی مقاصد میں معیشت کی ترقی اور عالمی تجارت بڑھانا ہے، برآمدات میں اضافے اور درآمدات کے لیے کسٹم کا کردار اہم ہے۔ محصولات لوگوں کی جیبوں میں ہاتھ ڈالے یا ہراساں کیے بغیر بڑھانے ہیں۔ حکومت دیگر سرکاری اداروں کی طرح کسٹم کو بھی وسائل سے لیس کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں