نئے چیف الیکشن کمشنر نے حلف اٹھا لیا

اسلام آباد(سی این پی) چیف الیکشن کمشنر پاکستان کے عہدے پر مقرر ہونے والے سکندر سلطان نے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔نئے چیف الیکشن کمشنر کی تقریب حلف برداری سپریم کورٹ اسلام آباد میں ہوئی جہاں چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار حمد نے سکندر سلطان سے چیف الیکشن کمشنر کا حلف لیا۔تقریب حلف برداری کے بعد میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سکندر سلطان نے کہا کہ یہ ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے اور نیشنل کازہے، ان شااللہ اس پرپورا اتروں گا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن پر عوام کے اعتماد کو مزید بہتر کریں گے، ہمارا ایک ہی مقصد ہے کہ شفاف، پرامن انتخابات ہوں اور یقین ہے اللہ کامیاب کرے گا۔سکندر سلطان کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی قیادتوں کا شکرگزار ہوں کہ انہوں نے مجھے متفقہ طورپر سیلیکٹ کیا۔واضح رہے کہ سابق چیف الیکشن کمشنر سردار رضا کی ریٹائرمنٹ کے بعد حکومت اور اپوزیشن کے درمیان چیف الیکشن کمشنر کے نام پر ڈیڈلاک رہا۔حکومت اور پارلیمانی کمیٹی کے اس حوالے سے 12 اجلاس بے نتیجہ رہے اور تیرہویں اجلاس میں سابق بیوروکریٹ سکندر سلطان راجہ کے نام پر اتفاق کیا گیا ہے۔ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ ضلع سرگودھا کے گائوں بھیرہ میں پیدا ہوئے، والد آرمی افسر تھے۔انہوں نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ ہائی اسکول بھیرہ، میٹرک اور ایف ایس سی کیڈٹ کالج حسن ابدال سے کیا، ایم بی بی ایس کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج سے کیا جب کہ ایل ایل بی کی ڈگری پنجاب یونیورسٹی سے حاصل کی۔ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ نے سی ایس ایس 1987 میں کیا اور ڈی ایم جی/پی اے ایس گروپ میں شامل ہوئے۔ کیریئر کا آغاز اسسٹنٹ کمشنر اسلام آباد کی حیثیت سے کیا۔اپنی ملازمت کے دوران ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈی جی ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب، صوبائی سیکریٹری مواصلات اینڈ ورکس پنجاب، صوبائی سیکریٹری ایس اینڈ جی اے ڈی، صوبائی سیکریٹری لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈیویلپمنٹ پنجاب کے اہم عہدے پر فائز رہے۔وہ وفاقی حکومت میں ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس کے عہدے پر بھی فائز رہے۔ ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ چیف سیکریٹری گلگت بلتستان اور چیف سیکریٹری آزاد کشمیر کی خدمات بھی انجام دے چکے ہیں جب کہ وفاقی سیکریٹری پیٹرولیم ، سیکریٹری سیفران بھی رہے۔ڈاکٹر سکندر سلطان راجہ حال ہی میں سیکریٹری/چیئرمین ریلوے کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں