گندم کی قیمتوں میں کمی، آٹا بدستور مہنگا

کراچی(سی این پی)ملک بھر میں گندم کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے تاہم آٹے کی قیمت میں تاحال کوئی کمی نہیں کی گئی۔تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں گندم کی قیمتوں میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، گندم کی 100 کلو گرام کی بوری قیمت میں 500 روپے کی کمی دیکھی گئی۔گندم کی 100 کلو گرام کی بوری اوپن مارکیٹ میں 4 ہزار 500 سے 4 ہزار 600 کے درمیان فروخت ہورہی ہے، گندم کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد بھی فلور ملز نے آٹے کے نرخ میں کمی نہیں کی۔ریٹیل مارکیٹ میں ڈھائی نمبر آٹا 58 روپے میں فروخت کیا جا رہا ہے جبکہ فائن آٹے کی ایکس مل قیمت 57 روپے پر برقرار ہے۔ ریٹیل مارکیٹ میں فائن آٹا 62 روپے فی کلو میں فروخت کیا جا رہا ہے۔اسی طرح چکی آٹے کے نرخوں میں بھی کمی نہیں کی گئی، چکی آٹا 64 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا ہے۔فلور ملز کو سرکاری گندم کی فراہمی کے بعد بھی آٹے کے نرخ کم نہیں کیے گئے جبکہ سرکاری گندم کا کوٹہ تا حال جاری نہیں کیا گیا۔چکی والوں کے لیے 50 ہزار بوری گندم کا کوٹہ مقرر کیا گیا تھا تاہم چکی مالکان کو سرکاری کوٹے کی گندم کے چالان ابھی تک جاری نہیں کیے گئے۔خیال رہے کہ گزشتہ چند دن قبل ملک میں اچانک آٹے کا بحران پیدا ہوگیا تھا، چکی پر فی کلو آٹا 70 روپے فروخت کیا جارہا تھا جبکہ اکثر مقامات پر آٹا نایاب ہوگیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں