کرونا وائرس ،ملائیشیا نے چینی شہریوں کیلئے ویزے معطل کردئیے

پتالنگ جیا(سی این پی) ملائیشیا نے نئے مہلک کرونا وائرس کے پھیلائو کے خدشات کے پیش نظر صوبہ ووہان ، ہوبئی اور اس کے ملحقہ علاقوں سے چینی شہریوں کے لئے ویزے معطل کردئیے ہیں۔ملائیشین وزیراعظم ہائوس سے جاری بیان کے مطابق یہ پابندی ویزا فری انٹری ، آمد،الیکٹرانک اور مینول ویزے پر عائد کی گئی ۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ صورتحال کے بہتر ہونے پر یہ سہولت بحال کر دی جائے گی ۔وزیراعظم ہائوس سے جار ی بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ویزا معطلی پر عمل درآمد کے لئے چینی حکومت اور وزارت خارجہ سے بات چیت جاری ہے ۔ملائشیا عالمی ادارہ صحت کے طے شدہ طریقہ کار پر سختی سے عمل پیرا ہے اور اس نے کرونا وائرس کے خطرے سے نمٹنے اور اس کے پھیلائو کو روکنے میں ماہرین کے مشوروں پر عمل کیا ہے۔ا سکے علاوہ انٹرنیٹ ریگولیٹری ملائیشین کمیونیکیشن اور ملٹی میڈیا کمیشن (ایم سی ایم سی)اور پولیس نے آج متنبہ کیا ہے کہ کرونا وائرس پھیلنے کی جعلی خبریں پھیلانے والوں کو قانون کے تحت سخت ترین سزائوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔واضح رہے کہ چین میں کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد80 تک جا پہنچی ہے جبکہ دوہزار سے زائد افراد اس سے متاثرہوئے ہیں ۔ مہلک کرونا وائرس سے اب تک 11ممالک متاثر ہوئے ہیں ۔امریکہ میں کرونا وائرس کے 5 کیسز ایروزونا،الیونئے ،کیلیفورنیا ور واشنگٹن میں رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ کینیڈا میں ایک شخص ، فرانس میں2 افراد میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے ۔چینی صدر شی چن پنگ کے مطابق اس مہلک وائرس کے پھیلا ئومیں تیزی آرہی ہے اور ملک ایک نازک مرحلے سے گزر رہا ہے ۔ دوسری جانب برطانوی محققین نے خبردار کیا ہے کہ چین اس وائرس پر قابو نہیں پا سکے گا۔چین کی متعدد متاثرہ ریاستوں میں سفری پابندیاں عائد ہیں۔ حکام نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ یہ وائرس ایک انسان سے دوسرے انسان میں منتقل ہوتا ہے۔اس وبا ء کا مرکز چینی شہر ووہان ہے ، جسکی آبادی 8.9 ملین کے قریب ہے ۔ اور یہ مہلک وبا ء ووہان سے لے کر چین کے کئی صوبوں سمیت تھائی لینڈ ، امریکہ اور جنوبی کوریا تک پھیل چکا ہے۔چینی شہر ووہان کے رہائشیوں کو شہر چھوڑنے سے منع کر دیا گیا ہے جبکہ بس،سب وے،فیری سروسزبند،ٹرینیں اورپروازیں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں۔دوسری جانب چین کے صوبے ہوبئی کے 2شہروں میں ریلوے سٹیشن بند،سال نوکی تقریبات منسوخ کر دی گئیں۔ ۔ وائرس پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر شنگھائی کے تمام سینما گھر بندکردئیے گئے۔ نئے سال پر چین کی 7فلموں کی ریلیز نہ ہوسکی،سکریننگ ملتوی کر دی گئی ۔چینی محکمہ صحت کے مطابق اس وائرس کے پھیلا کے روکنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس وبا ء کا آغاز اس وقت ہوا ہے جب پورے چین میں لاکھوں افراد قمری سال نو کی چھٹیاں منانے کے لئے اندرون ملک سفر کررہے ہیں ، جبکہ ہزاروں افراد اپنے دوستوں اور اہل خانہ کے ہمراہ بیرون ملک بھی سفر کررہے ہیں۔گزشتہ روز چین سے کرونا وائرس کی پاکستان میں منتقلی کے خدشے کے تحت قومی ادارہ صحت نے ہدایت نامہ جاری کیا ہے ۔ جسکے مطابق چین سے پاکستان آنے والے مسافروں کا طبی معائنہ لازمی ہوگا۔ اس سلسلے میں ملک کے تمام ہوائی اڈوں پر خصوصی اسکریننگ ڈیسک تشکیل دیئے جائیں گے ۔ووہان میں سفارتخانے نے پاکستانی کمیونٹی کو بھی خبردار کر دیا گیا ہے۔گزشتہ روز دفتر خارجہ سے جاری بیان میں چین میں مقیم پاکستانیوں کے حوالے سے بیان جاری کیا گیا تھا جس میں کہا گیا کہ پاکستان ووہان میں کروناوائرس کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے،سفارتخانہ اورقونصل خانہ پاکستانی کمیونٹی اور چینی حکام سے رابطے میں ہیں۔ووہان میں 500 سے زائد طلبا اور کمیونٹی ممبرز رہتے ہیں،ابھی تک کسی پاکستانی کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی ۔پاکستانی کمیونٹی کو ہدایت کی گئی ہے کہ چین کے حکام کی جانب سے جاری کردہ ہیلتھ پروٹوکول پر مکمل عملدرآمد کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں