کورونا وائرس ،چین میں ہلاکتوں کی تعداد 80 تک پہنچ گئی

بیجنگ (سی این پی )چین میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 80 تک پہنچ گئی ہے جبکہ تقریبا 3000 افراد میں اس بیماری کی تصدیق ہوچکی ہے۔برطانوی نشریاتی کے مطابق چینی وزیر صحت ما زیاوئی نے پیر کوصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وائرس کے پھیلائو کی صلاحیت بظاہر طاقتور ہے۔ حکام نے بتایا کہ ہوبائی میں ہلاکتوں کی تعداد 56 سے بڑھ کر 76 ہوچکی ہے جبکہ 4 افراد دیگر مقامات پر ہلاک ہوئے ہیں۔ہوبائی کے شہر ووہان میں لاک ڈائون کو یقینی بنایا گیا ہے۔وزیر صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے یہ بہت اہم مرحلہ ہے۔چین میں تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 2744 ہے جبکہ سرکاری میڈیا کے مطابق 300 سے زائد افراد تشویشناک حد تک بیمار ہیں۔حکام نے اعلان کیا کہ ملک میں جنگلی جانوروں کی فروخت بند ہے۔ یہ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ یہ وائرس جانوروں سے انسانوں میں پھیلا ئوہے تاہم ابھی تک سرکاری طور پر اس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔حکام کی جانب سے چینی نئے سال کی قومی تعطیلات میں 3 روز کا اضافہ کر دیا گیا ہے تاکہ وائرس کو پھیلنے سے روکا جا سکے جبکہ چین میں بہت سے شہروں میں سفر پر پابندی عائد کی گئی ہے۔حکام کے مطابق کورونا وائرس اپنی علامات ظاہر ہونے سے پہلے ہی اپنی افزائش کے دوران پھیل رہا ہے اور اس وجہ سے اسے روکنا مشکل ہو رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں