سائنس و ٹیکنالوجی میں مہارت سے ہم پاکستان کو ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں لا سکتے ہیں ،گورنر پنجاب

ٹیکسلا(سی این پی )گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ سائنس و ٹیکنالوجی میں مہارت اور جدید علوم و فنون میں کمال حاصل کرکے ہم پاکستان کو ترقی یافتہ ملکوں کی صف میں لا سکتے ہیں اور ان مقاصد کے حصول کے لئے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پاکستان اس وقت قومی ترقی کے اہم سنگ میل عبور کررہا ہے اور نوجوانوں کو اعلی معیار کی تعلیم و تربیت اور آگے بڑھنے کے بھرپور مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ وہ مستقبل میں پاکستان کے لئے قابل فخر کردار ادا کر سکیں۔ انہوں نے یہ بات ہائی ٹیک یونیورسٹی کے چوتھے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ کانووکیشن میں چیئرمین بورڈ آف گورنر لیفٹیننٹ جنرل عبداللہ ڈوگر، ممبر ز بورڈ آف گورنر، فیکلٹی ممبران، والدین اورطلباو طالبات نے شرکت کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ کامیابیوں کی خوشی مناتے ہوئے ان شخصیات کو خراج تحسین پیش کرناچاہیے جو ان کامیابیوں میں نمایاں کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ والدین بچوں کے لئے بے انتہا قربانیاں دیتے ہیں اور بچوں کو بھی ان قربانیوں کا احساس کرتے ہوئے اپنی پوری توجہ اپنی پڑھائی پر مرکوز رکھنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ دین اسلام میں تعلیم کی اہمیت اجاگر کی گئی ہے اور مسلمان جب تعلیم میں آگے تھے تو انہوں نے پوری دنیا پر حکومت کی اور جب ہم نے تعلیم سے انحراف کیا تو دوسری قومیں ہم پر حاوی ہو گئیں ۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان میں یہ کلچر بن گیا ہے کہ ہم دوسروں کو اپنی ناکامی کا ذمہ داری ٹھہراتے ہیں اور خود محنت سے کتراتے ہیں اگر قومی سوچ اور کردار اپنایا جائے تو ہم شعبے میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانیوں نے دنیا کے مختلف ممالک میں پاکستانیوں نے اپنی محنت سے کامیابیوں کے جھنڈے گاڑے ہیں اور پاکستان کا نام روشن کیا۔ انہوں نے برطانیہ میں پاکستان کیلئے جی ایس پلس سٹیٹس کی وجہ 15 ملین ڈالر کا معاشی فائدہ پہنچا ہے۔ گورنر بننے کے بعد اعلی تعلیم کا فروغ اولین ترجیح تھی ہم نے ایڈہاک ازم کو ختم کرکے ریگولر بنیادوں پر میرٹ کی بنیاد پر باصلاحیت وائس چانسلرز کا انتخاب کیا گیا جس سے یونیورسٹیوں کے تعلیمی معیار میں خ اطر خواہ اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ غربت، دہشت گردی، انتہا پسندی کا خاتمہ، زراعت کی ترقی اور معاشی خوشحالی بہت بڑے چیلنج ہیں اور پوری قوم کو یک جان ہو کر ان چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی پالیسیوں، بین المذاہب ہم آہنگی، دہشت گردی پر قابو پانے کی کوششوں کو سراہا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی پارلیمنٹ میں پاکستان کے حق میں چھ قراردادیں منظور ہوئی ہیں جن میں کشمیر مقبوضہ کشمیر میں ڈھائے جانے والے مظالم کی مذمت کی گئی ہے اور یورپی پارلیمنٹ میں بھارت کے کے متنازعہ بل کی مخالفت کی گئی ہے جو کہ پاکستان کی بہت بڑی سفارتی کامیابی ہے اور بھارت کو ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا ہے اور نریندر مودی کو ناکامی ہوئی ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پوری دنیا نے دہشت گردی پر قابو پانے کیلئے افواج پاکستان کی خدمات کو سراہا ہے اور یہ ہمارے لئے قابل فخر ہے۔ وائس چانسلر ہائی ٹیک یو نیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد یونس جاوید (ستارہ امتیاز ملٹری)نے کہا کہ پوری دنیا میں پاکستانی طلباو طالبات کام کوئی ثانی نہیں اور قابلیت کے اس معیار کو قائم رکھتے ہوئے یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلباو طالبات محنت اور جدوجہد جاری رکھیں اور اپنے والدین اور اساتذہ کی توقعات پرپورا اتریں۔ انہوں نے کہا کہ والدین اپنا پیٹ کاٹ کر بچوں کی تعلیم و تربیت کی ذمہ داریاں پوری کرتے ہیں اس لئے یہ لازم ہے کہ طلباو طالبات خود کو معاشرے کا باوقار اور کامیاب شہری بن کر اپنے والدین کے خواب پورے کریں۔ وائس چانسلر ہائی ٹیک یو نیورسٹی نے کہا کہ ہائی ٹیک یونیورسٹی بین الاقوامی سطح پر مقتدر اداروں سے منسلک ہے جس کی وجہ سے طلباو طالبات کو ریسرچ کے بہترین مواقع حاصل ہو رہے ہیں اور چوتھے سالانہ کانووکیشن میں کل 815 طلباوطالبات نے ڈگریاں حاصل کیں۔ جن میں 13 پی ایچ ڈیز بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایم ایس پروگرامز میں ضیااللہ اسلم، خدیجہ خاتون، بشری جبیں، اسرار احمد، مہشان علی خان، جویریہ عابد، یاسر حمید، زوہیب عاشق، محمد ریاض نے گولڈ میڈل حاصل کئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں