دی سیٹیزن فاؤنڈیشن اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان تعلیم کے فروغ کیلئے معاہدہ

اسلام آباد (سی این پی)غریب طبقہ سے تعلق رکھنے والے بچوں کو تعلیم فراہم کرنے والا غیر منافع بخش ادارہ دی سیٹیزن فاؤنڈیشن اور پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان معاہدہ طے پایا ہے جس کے مطابق ٹی سی ایف لڑکیوں میں تعلیم کے فروغ کیلئے آگاہی فراہم کرے گا۔ سیٹیزن فاؤنڈیشن اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے درمیان تعاون کا بنیادی طورپر مقصد ٹی سی ایف کے تعلیم کے عزم کو مزید مستحکم کرتے ہوئے مثبت معاشرتی تبدیلی لاکرپاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت کو اجاگرکرنا ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے کھلاڑی اور موجودہ سفیرٹی سی ایف اسکولوں کادورہ کریں گے اور مختلف پلیٹ فارمز پر تعلیم کے فروغ کو اجاگر کرنے کیلئے اس مہم میں شامل ہوں گے۔ سیٹیزن فاؤنڈیشن کی جانب سے شریک بانی اور ٹی سی ایف کے ڈائریکٹر مشتاق چھاپڑا اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوونر علی نقوی نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ مشتاق چھاپڑا کا کہنا تھا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ ایک طویل مدت سے سیٹیزن فاؤنڈیشن کی غریب طبقہ سے تعلق رکھنے والی زیادہ سے زیادہ لڑکیوں میں تعلیم کے فروغ سے بہترین زندگی کی تعمیر کے مواقع فراہم کرنے میں بھرپور تعاون کر رہاہے۔ نوجوانوں کو معاشرے میں آزاد، خود کفیل اور تعمیراتی فرد بننے کا بہترین موقع تعلیم سے ہی میسر آئے گا۔ ٹی سی ایف میں موجود ہم سب اور تمام طالب علم پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی فتح کیلئے پُر امید ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرنچائز کے مالک علی نقوی نے کہا کہ اس ملک کی خدمت ہماری ذمہ داری اور فرض ہے جو ہمیں ادا کرنا ہے یہی ہمارا پختہ یقین ہے۔ ٹی سی ایف ملک کا ایک قابل قدر ادارہ ہے اور انہوں نے گزشتہ دو دیہائیوں میں ایسے کام کئے جس سے بہت سے لوگوں کی زندگیاں تبدیل ہوئیں ہیں، جو سب کے سامنے ظاہر ہے۔ ہمارے کھلاڑیوں نے گزشتہ دو سالوں میں ٹی سی ایف اسکولوں کا دورہ کیا اس سے ہماری شراکت داری مزید مضبوط اور مستحکم ہوئی ہے۔ نوجوانوں کیلئے تعلیم اور انہیں با اختیار بنانا ہمارا مشترکہ مقصد ہے، جسے ہم اپنے کھلاڑیوں اور عملہ کے ذریعہ باور کرانے کی کوشش کرتے ہیں۔اس طرح یہ ہماری فطری شراکت ہے اور ہمیں ٹی سی ایف سے وابستگی جاری رکھنے پر فخر ہے۔اس موقع پر پاکستان کرکٹر رومان رئیس کا کہنا تھا کہ میرا خیال ہے بطور پاکستانی میرا فرض ہے کہ میں میدان میں یا میدان سے باہر اپنے ملک کی خدمت کروں۔ ٹی سی ایف بھی اسی مقصد پر عملدرآمد کر رہا ہے، جو کمزور اور متوسط طبقے کے پاکستانیوں کو بہترین زندگی فراہم کرنے کیلئے جدو جہد کر رہا ہیں اور میں اس شراکت کا حصہ بننے پر فخرمحسوس کر رہا ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں