چیئرمین ایف بی آر کی طبیعت بہتر نہ ہوئی تو متبادل دیکھیں گے،ڈاکٹرحفیظ شیخ

اسلام آباد(سی این پی) مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کی طبیعت بہتر نہ ہوئی تو ان کا متبادل دیکھیں گے۔اپنے ایک بیان میں حفیظ شیخ نے کہاکہ شبر زیدی میرے فیورٹ ہیں،ان کی طبیعت بہت خراب ہے اور وہ لمبی چھٹیوں پر ہیں۔انہوں نے کہا کہ شبر زیدی کی واپسی کا فیصلہ ڈاکٹر ہی کریں گے، اگر ان کی طبیعت بہتر نہ ہوئی تو متبادل دیکھیں گے اور نیا چیئرمین ایف بی آر اگر تلاش کیا تو شبر زیدی کی مشاورت سے کریں گے۔چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی رواں ماہ دوسری مرتبہ رخصت پر گئے ہیں جس کی وجہ انہوں نے خراب صحت بتائی ہے جب کہ شبر زیدی کے عہدہ چھوڑنے کی خبریں بھی زیر گردش ہیں اور یہ اطلاعات ہیں کہ وزیراعظم شبر زیدی کی جگہ اب کسی اور کو ایف بی آر کا چیئرمین لگائیں گے۔گزشتہ دنوں تحریک انصاف کی رکن قومی اسمبلی کنول شوذب نے انکشاف کیا کہ شبر زیدی کو مافیاز کی وجہ سے مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔شبر زیدی کے رخصت پر جانے کے بعد گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر اور مشیر خزانہ حفیظ شیخ کے بھی جانے کی خبریں زیر گردش تھیں جن کی کل وزیراعظم نے تردید کی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں