قومی اسمبلی میں مسٹر 10 پرسنٹ کے ذکر پر شور شرابا، اراکین گتھم گتھا

اسلام آباد(سی این پی)قومی اسمبلی میں مسٹر 10 پرسنٹ کے ذکر پر اپوزیشن ارکان نے عمر ایوب کی نشست کا گھیرائو کر لیا۔ آغا رفیع اللہ حکومتی ارکان سے گتھم گتھا ہوگئے، عمر ایوب کی تقریر کے دوران پیپلزپارٹی نے احتجاج کیا۔قبل ازیں وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا حفیظ شیخ نے تفصیل سے اعدادو شمار کے ساتھ بات کی، دوسری طرف بدقسمتی سے اپوزیشن نے بغیر دلیل کے بات کی، خیال تھا اپوزیشن سے حکومت کو تجاویز ملیں گی، اپوزیشن کو سمجھنا ہوگا کہ حقائق سے آپ آنکھ نہیں چرا سکتے، خیال تھا ماضی کی غلطیوں پر شرمندہ ہو کر اچھی تجاویز دیں گے۔عمر ایوب کا کہنا تھا زیادہ نوٹ چھاپنے کا خمیازہ عمران خان حکومت نے بھگتا، اپوزیشن کے ارکان اپنا ماضی بھول گئے ہیں، ن لیگ نے 5 سال میں 101 فیصد زیادہ نوٹ چھاپے، مسلم لیگ (ن) 30 ہزار ارب قرض چھوڑ کرگئی، پیپلزپارٹی حکومت نے قرض 15 ہزار ارب تک پہنچا دیا، 30 ہزار قرض لینے کا خمیازہ سب بھگت رہے ہیں۔وفاقی وزیر نے مزید کہا پیپلزپارٹی نے وہ معاہدے کیے جو آج گلے پڑے ہوئے ہیں، رینٹل پاور پلانٹ کا بھی خمیازہ پاکستان نے بھگتا، سابق حکومت نے بجلی چوری پر قابو نہیں پایا، کرپشن کی وجہ سے یہ لو گ پھنس گئے، اس وجہ سے چیخ رہے ہیں، ماضی میں کاشتکاروں کو چکما دیا گیا، ماضی میں صنعتوں کا بیڑاغرق کر دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں