ترک صدر طیب اردوان پاکستان پہنچ گئے

اسلام آباد(سی این پی) ترک صدر طیب اردوان 2روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، عمران خان نے ترک صدر کا نور خان ائیربیس پر پرتپاک استقبال کیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی دعوت پر ترک صدر طیب اردوان 2روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، ترک خاتون اول بھی ترک صدر کے ہمراہ ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے ترک صدر کا نور خان ایئر بیس پر پر تپاک استقبال کیا۔اس موقع پر ترک صدر کو بچوں نے گلدستہ پیش کیا،عمران خان نے ترک صدر کی گاڑی خود چلائی اور وزیراعظم ہاس آمد پر انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔وزیراعظم کا ترک وفد سے تعارف کروایا گیا اور عمران خان نے وفد سے بھی مصافحہ کیا ۔دوسری جانب ترک صدر نے وفاقی کابینہ کے ارکان سے فردا فردا مصافحہ کیا،جبکہ وفاقی کابینہ کے ارکان سے بھی معزز مہمان کا تعارف کروایا گیا۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ترک صدر اردوان کے ہمراہ کابینہ کے ارکان اور حکومت کے اعلی عہدیداروں پر مشتمل ایک وفد کے علاوہ ترکی کی صف اول کی کارپوریشنزکیسربراہ اور چیف ایگزیکٹو افسران بھی موجود ہیں۔اس دوران وزیر اعظم عمران خان اور صدر اردوان کے درمیان ون ٹو ون ملاقات ہوگی ،جبکہ دونوں رہنما پاک ترکی اسٹریٹجک تعاون کونسل کے چھٹے اجلاس کی صدارت کریں گے،اجلاس کے اختتام پر مشترکہ اعلامیہ اور معاہدوں کے ایم او یوز پر دستخط ہوں گے۔ترک صدر اردوان صدر مملکت عارف علوی سے بھی ملاقات کریں گے،جبکہ ترک صدررجب طیب اردوان 14فروری کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بھی خطاب کریں گے۔ ترک صدر اور وزیر اعظم عمران خان پاک ترکی بزنس اینڈ انویسٹمنٹ فورم سے خطاب بھی کریں گے۔دفتر خارجہ کے مطابق دونوں برادر ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ثابت قدم رہنے والے شراکت دار رہے ہیں ، ترکی مقبوضہ کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کی حمایت کرتا ہے،وزیر اعظم عمران خان اور ترک صدر کی سربراہی میں پاک ترکی تعلقات کو مزید تقویت ملی ہے،دونوں فریق اقتصادی تعلقات کو مضبوط بنانے پر زور دیتے ہیں،صدر اردوان کا دورہ دونوں ممالک کے مابین روایتی یکجہتی اور وابستگی کو اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوگا ۔ترک صدرکے دورے پر اسلام آباد میں سخت حفاظتی اقدامات کیے گئے ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں