ان ہائوس تبدیلی سے بھی نظام نہیں چلے گا، سابق وزیراعظم

اسلام آباد(سی این پی)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ ان ہائوس تبدیلی سے بھی نظام نہیں چلے گا، مسائل کا واحد حل نئے انتخابات ہیں۔پارلیمنٹ ہائوس میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ان ہاس تبدیلی سے کھچڑی پکے گی۔ روایتی نہیں بلکہ حقیقی معنوں میں شفاف انتخابات سے ہی مسائل حل ہوں گے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کے علاوہ کوئی معیشت کو نہیں سنبھال سکتا۔ان کا کہنا تھا کہ مجھ پر نیب کے نئے ریفرنس کا واحد مقصد دبا ئومیں لانا ہے۔ مجھ پر پہلا ریفرنس 46ارب کا تھا، اب تیرہ کروڑ کا ہے۔ وزیر کا ایم ڈی پی ایس او کی تقرری سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ نیب آرڈیننس کے مطابق تقرری میں پروسیجرل غلطی کی بنیاد پر ریفرنس دائر نہیں ہو سکتا۔ نیب آرڈیننس کے تحت راجا پرویز اشرف کی رہائی کا فیصلہ بھی آ چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف سمیت کسی لیگی رہنما پر کرپشن کا کوئی کیس بنایا نہیں جا سکا۔ انھیں بیٹے سے پیسے لینے پر نااہل قرار دیا گیا۔ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے لیگی رہنما نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے اپنی سیاسی طاقت ثابت کر دی۔ ان کی اصل ناراضگی ہم سے نہیں بلکہ چودھری پرویز الہی سے ہے۔ مولانا فضل الرحمان سے وعدے تو چودھری پرویز الہی نے کیے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں