پاکستان سپرلیگ،غیرملکی کھلاڑیوں کی آمد،بڑے مقابلوں کی تیاری شروع

کراچی،لاہور(سی این پی)پاکستان سپر لیگ کی ٹیموں نے بھی بڑے مقابلوں کی تیاری شروع کردی۔‘شہروں کی سجاوٹ شروع کر دی گئی ۔آغاز میں صرف چارروز باقی رہ گئے ہیں۔ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہیڈ کوچ محمد اکرم کی زیر نگرانی پشاور زلمی کا پریکٹس سیشن جاری ہے، ڈیرن سیمی نے تو ایک روز قبل ہی پریکٹس کا آغاز کردیا تھا۔ملتان سلطانز نے بھی اظہر محمود، اینڈی فلاور اور مشتاق احمد کی زیر نگرانی لاہور میں پریکٹس کا آغاز کردیا۔ افتتاحی تقریب بیس فروری کو نیشنل سٹیڈیم کراچی میں ہوگی‘سٹیڈیم کیساتھ ساتھ ڈریسنگ روم بھی سجادیا گیا ہے۔ ہر طرف چیمپینز ٹرافی، پی ایس ایل کی فتوحات اور یادگاری لمحات کی تصاویر آویزاں ہیں۔ انگلینڈ کے کرکٹر اور لاہور قلندرز میں شامل سمت پٹیل لاہور پہنچے ۔ سمت پٹیل نے کہا کہ لاہور پہلی مرتبہ آیا ہوں، لاہور قلندرز کا حصہ بننے پر بہت خوش ہوں اور پاکستان سپر لیگ کا مکمل ایڈیشن پاکستان ہونے پر پْرجوش ہوں۔ یہاں پی ایس ایل کے تمام میچز ہونا خوش آئند ہے، اس سے کرکٹ کے شائقین کو فائدہ ہوگا اور وہ اپنے سٹارز کو ہوم گراؤنڈ پر ایکشن میں دیکھ سکیں گے۔ کرکٹ ہر ملک میں ہونی چاہیے اور پاکستان میں بہت ٹیلنٹ پایا جاتا ہے۔ حارث رؤف کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی موجودگی میں لاہور قلندرز کا بائولنگ اٹیک بہت اچھا ہے۔پاکستان سپر لیگ میں بائولنگ کا معیار بہت اچھا ہے اور یہ ایک اچھی لیگ ہے۔ ملتان سلطانز کے ہیڈ کوچ اینڈی فلاور نے کہا کہ خوشی اور فخر ہے کہ ایک بار پھر پاکستان آیا ہوں۔ 1990سے پاکستان آرہا ہوں، پاکستان میں بہت دوستیاں ہیں۔ یہاں کی بہت سی اچھی یادیں ہیں۔ شان مسعود الیون متوازن ٹیم اور دوسری ٹیموں کی طرح ملتان سلطانز بھی پی ایس ایل جیتنے کی اہل ہے۔ مشتاق احمد کا ساتھ میرے لیے بہت معاون ہوگا، وہ کھیل اور یہاں کی کنڈیشنز کو بہت اچھی طرح سمجھتے ہیں۔ کسی ایک کھلاڑی کو ٹرمپ کارڈ نہیں سمجھتا۔ تمام ارکان ہی میچ ونرز ہیں۔ کسی ایک کا نام لوں گا تو اس پر اضافی پریشر پڑے گا، ٹیم میں سینئرز کیساتھ ایسے نوجوان ہیں جو بہترین پرفارمنس سے سب کے دل جیت سکتے ہیں، کھلاڑیوں پر بہت اعتماد ہے۔دفاعی چیمپئن کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آسٹریلین آل راؤنڈر شین واٹسن ہفتے کی شام کراچی پہنچے۔ اس موقع پر شین واٹسن کو روایتی بلوچی پگڑی بھی پہنائی گئی۔ کوئٹہ کے فواد احمد، بین کٹنگ اور تامل ملز ‘اسلام آباد یونائٹیڈ کے لیوک رونکی بھی کراچی پہنچ چکے ہیں۔لاہور قلندرز کے جنوبی افریقی کرکٹر ڈین ویلاس نے بھی ٹیم کو جوائن کرلیا ہے۔ کراچی کنگز کے ایلکس ہیلز، چیڈوک والٹن، مچل مک کلینگن، کیمرون ڈیلپورٹ اور اسسٹنٹ کوچ جوہان بوتھا بھی کراچی پہنچ چکے ہیں۔پشاور زلمی کے لیام پلنکٹ اور ملتان سلطانز کے رائلی روسو نے بھی اپنی ٹیم جوائن کرلی ہے۔پاکستان سپر لیگ فائیو کے آغاز سے قبل کراچی کی شاہراہیں سجنے لگیں۔ شہر قائد میں میٹروپول کے راونڈ اباوٹ کو کھلاڑیوں کے کٹ آوٹ سے سجا دیا گیا ہے۔شہر میں جیت کی جنگ کے نام سے بڑے بڑے پوسٹر آویزاں کر دیئے گئے ہیں، کرکٹ بیٹ کا کٹ آوٹ بھی بڑی خوبصورتی سے بنایا گیا ہے جبکہ ٹیموں کی آمدورفت والے راستے بھی تیزی سے سجائے جارہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں