آل پاکستان انٹربورڈ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ راولپنڈی نے جیت لی

اسلام آباد(سی این پی) راولپنڈی انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ کے زیراہتمام کھیلی گئی آل پاکستان انٹر بورڈ گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ راولپنڈی نے جیت لی جبکہ لاہور نے دوسری اور ڈیرہ اسماعیل خان نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ چیمپئن شپ کی اختتامی تقریب کی مہمان خصوصی پاکستان سپورٹس بورڈ کی اسسٹنٹ ڈائریکٹر میڈم شازیہ اعجاز تھی جہنوں نے کامیابی حاصل کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے۔ اس موقع پر راولپنڈی انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ کی ڈائریکٹر سپورٹس میڈم ثوبیہ سلطانہ، پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے ایسوسی ایٹ سیکرٹری رانا تنویر احمد، اسلام آباد نیٹ بال ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جاوید نواز بنگش کے علاوہ شائقین کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ گذشتہ روز پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے حمیدی ہال میں چیمپئن شپ کا فائنل میچ راولپنڈی اور لاہور کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں راولپنڈی نے لاہور کی ٹیم کو 16-11 سکور سے شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کرلی جبکہ ڈیرہ اسماعیل خان نے چیمپئن شپ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی شازیہ اعجاز نے کہاکہ ملک میں خواتین کے کھیلوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ ان خواتین کھلاڑیوں کو سخت محنت کرکے دنیا میں اپنا مقام بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی خواتین کھلاڑیوں نے ایشیائی سطح پر مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں ملک کا نام روشن کیا ہے۔ انہوں نے طلباء وطالبات پر زرو دیتے ہوئے کہاکہ وہ تعلیمی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور ذہنی نشو و نما کیلئے کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد بہت ضروری ہے، آخر پر مہمان خصوصی شازیہ اعجاز نے راولپنڈی انٹر میڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن بورڈ کی جانب سے چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد پر راولپنڈی بورڈ کی انتظامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کھلاڑیوں کو دی جانے والی سہولیات کی بھی تعریف کی اور کہاکہ اس تمام ایونٹ کو کامیاب کروانے میں ثوبیہ چوہدری کا اہم کردار ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں