کرونا وائرس،وزیراعظم پاکستان کا چینی صدر کو ٹیلیفون، عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار

اسلام آباد(سی این پی) وزیراعظم عمران خان نے چین کے صدر شی جن پنگ کو ٹیلیفون کیا اور کرونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے تناظر میں چین کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی طرف سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم نے کرونا وائرس سے ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر چین کے صدر کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور کرونا وائرس کی روک تھام اور قابو پانے کے لئے چین کی طرف سی کی جانے والی انتھک کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کے خاتمہ کے لئے کی جانے والی کوششوں میں پاکستان کے عوام اور حکومت چین کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس بیماری کی روک تھام کے لئے چین کے بروقت مؤثر اور دور رس اقدامات کو بین الاقوامی سطح پر تسلیم کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لئے چین کے عوام کی مدد کرنے کے لئے فیلڈ ہپستال اور ڈاکٹروں کی ٹیم چین بھجوانے کی پاکستان کی پیش کش کا بھی اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے اس امر پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا کہ چینی قوم صدر شی جن پنگ کی بے مثال قیادت میں موجودہ صورتحال میں مضبوط اور فتح مند ہوکر ابھر کر سامنے آئے گی۔ وزیراعظم نے اس مشکل گھڑی میں پاکستانی شہریوں کی دیکھ بھال کے لئے چین کے پختہ عزم اور خصوصی انتظامات کو بھی سراہا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ چین وہاں پاکستانی شہریوں اور طلباء کی دیکھ بھال کے لئے بہترین ممکن اقدامات جاری رکھے گا۔ چین کے صدر نے اس نازک وقت میں پاکستان کی طرف سے چین کی حمایت پراظہار تشکر کیا اور کہا کہ چین کرونا وائرس سے نمٹنے کے لئے مؤثر، بروقت اور بھرپور اقدامات کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوویڈ۔19 کے خلاف جاری عوام کی جنگ میں سرخرو ہو کر سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستانی طلباء کے ساتھ اپنوں جیسا سلوک کر رہا ہے اور ان کی حفاظت، صحت اور بھلائی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی۔ صدر شی جن پنگ نے پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی شراکت داری کونئی بلندیوں تک لے جانے کے چین کے عزم کا اظہار کیااور کہاکہ ان تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے سی پیک اہم ثابت ہو گا۔ وزیر اعظم عمران خان اور چین کے صدر نے تزویراتی تعاون پر مبنی شراکتداری کو مزید مضبوط بنانے اور نئے دور میں مشترکہ مستقبل کے لئے چین اور پاکستان کے عوام کے درمیان قریبی رابطے کو فروغ دینے کے لئے رابطے اور اعلیٰ سطح کے وفود کے دوروں کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا

اپنا تبصرہ بھیجیں