سویابین سے لدے جہاز کی پورٹ قاسم منتقلی کے خلاف لیبر یونین کا احتجاج

کراچی(سی این پی)سویا بین سے لدے جہاز ہرکولیس کو کراچی پورٹ سے بن قاسم منتقل کرنے خلاف کراچی ہاربر اینڈ ڈاک لیبر یونین نے احتجاج شروع کر دیا ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق کراچی پورٹ پر کام کرنے والے مزدور کے پی ٹی سے سویابین کے جہاز کی منتقلی کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے ہیں، مظاہرین نے بندرگاہ تک جانے والا راستہ بند کر کے بندرگاہ کی جانب مارچ شروع کر دیا۔خیال رہے کہ سویا بین کو بن قاسم پر ڈسچارج کروانے کے لیے ہرکولیس جہاز روانہ کر دیا گیا ہے، جس کے خلاف کے پی ٹی کی مزدور یونیز نے احتجاج شروع کر دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ مستقبل میں بھی میں سویا بین کے جہاز صرف بن قاسم پر جانے سے کراچی پورٹ کی لیبر بے روزگار ہو جائے گی۔لیبر یونین کا کہنا ہے کہ کیماڑی سانحے کی حتمی رپورٹ آنے سے قبل جہاز کو منتقل کرنے کا فیصلہ کے پی ٹی لیبر کو بے روزگار کرنے کی سازش ہے، وزار ت پورٹ اینڈ شپنگ کیماڑی سانحے کے اصل حقائق جانے بغیر اپنا بزنس پوٹ قاسم منتقل کیوں کر رہی ہے؟ آج کا احتجاج کراچی پورٹ کے مزدوروں کے معاشی قتل اور پورٹ پر بے بنیاد الزامات کے خلاف ہے۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ سویا بین میں اگر خرابی ہے تو اسے پورٹ قاسم کیوں منتقل کیا جا رہا ہے، پورٹ قاسم کے اطراف بھی انسانی بستیاں آباد ہیں، پورٹ قاسم پر اگر سویا بین ڈسچارج کیا جائے گا تو ادھر کی آبادی کیا متاثر نہیں ہوگی۔خیال رہے کہ ڈاک لیبر بورڈ کی ہڑتال کے فیصلے سے پورٹ کی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں