جسٹس فائزعیسی کیس،سماعت ملتوی کرنے کی استدعا

اسلام آباد(سی این پی)وفاقی حکومت نے جسٹس فائز عیسی کیس کی سماعت ملتوی کرنے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔جمعہ 21 فروری کو ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے التوا کی باضابطہ درخواست دائر کی، جس میں کیس کی سماعت 3 ہفتے کیلیے ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی۔درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ حکومت نیا اٹارنی جنرل تعینات کرنا چاہتی ہے اور نئے اٹارنی جنرل کو مقدمے کی تیاری کیلئے وقت درکار ہوگا۔واضح رہے کہ گزشتہ روز سابق اٹارنی جنرل انور منصور خان اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے، جبکہ وزارت قانون کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں لکھا تھا کہ انور منصور نے استعفی دیا نہیں بلکہ ان سے لیا گیا ہے۔تحریری جواب کے مطابق اٹارنی جنرل نے حکومتی ہدایات کے بغیر عدلیہ کے حوالے سے موقف اپنایا اس لیے حکومت اٹارنی جنرل کے اپنائے گئے موقف سے لاعلم تھی۔ اٹارنی جنرل کا عدالت میں بیان غیرمناسب تھا۔اس سے قبل سپریم کورٹ نے انور منصور خان سے تحریری معافی یا بیان کی بنیاد بننے والا مواد طلب کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں