ایل این جی ریفرنس،خاقان عباسی کو9مارچ تک دوبارہ جیل بھیج دیاگیا

اسلام آباد(سی این پی)ایل این جی ریفرنس میں احتساب عدالت نے مفرورملزم سابق ایم ڈی پی ایس او شاہد مظفرالاسلام کے اشتہار جاری کرنے اور ٹرائل الگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ شاہد خاقان عباسی کو ریفرنس کی کاپی فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے 9 مارچ تک دوبارہ جیل بھیج دیا گیا۔جمعہ کو ایل این جی ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان ،چیئرپرسن اوگراعظمی عادل اور دیگر ملزمان احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔نیب پراسیکیوٹر نے ملزمان پر فردِجرم عائد کرنے کی استدعا کی اور کہا کہ سابق ایم ڈی پی ایس او شاہد الاسلام اس وقت کس ملک میں ہیں، کچھ پتہ نہیں، ان کی ٹریول ہسٹری پیش کرچکے ہیں، ملزم کے پتے پر وارنٹس بھی بھیجے گئے،عدالت چاہے تو مفرور ملزم کو اشتہاری قرار دینے کی کاروائی شروع کرے یا دائمی وارنٹ جاری کرکے انہیں ٹرائل سے الگ کردے۔شاہد خاقان کے وکیل بیرسٹر ظفر اللہ نے نیب کی درخواست پر اعتراض کیا اور سوال اٹھایا کہ کارروائی مکمل کئے بغیر کیسے کسی کا ٹرائل الگ کیا جا سکتا ہے،جب تک شاہد مظفر سے متعلق فیصلہ نہیں ہوتا،ریفرنس کی نقول بھی نہیں لیں گے۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد مفرورملزم شاہد الاسلام کا ٹرائل الگ کرنے کا فیصلہ کیا۔جج اعظم خان نے ریمارکس دیئے کہ ایک ملزم کی وجہ سے ٹرائل کوالتوا میں نہیں ڈال سکتے، تمام ملزمان آج ہی ریفرنس کی نقول حاصل کریں۔ شاہد خاقان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 9 مارچ تک توسیع کردی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں