وزیراعظم پاکستان کی آزاد کشمیرآمد،آزادی پسندوں کا احتجاج ،تقسیم کشمیر کے خلاف نعرے بازی

مظفرآباد(سی این پی ) وزیراعظم پاکستان کی آمد کے موقع پر آزادی پسندوں کا احتجاج ،کشمیر کا سود ا نامنظور ، کشمیر کشمیریوں کا ہے اور تقسیم کشمیر کے خلاف نعرے بازی، تفصیلات کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی مظفرآباد آمد کے موقع پر کشمیر کی مکمل آزادی، خودمختاری کے لئے جدوجہد کرنے والی جماعت متحدہ کشمیر پیپلزنیشنل پارٹی اور کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے زیراہتمام بنک روڈ پر احتجاجی مظاہرہ کیاگیا۔ مظاہرین نے تقسیم کشمیرکیخلاف اور مکمل آزادی کی حمایت میں نعرے بازی کی ، اس موقع پر مظاہرین نے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر کے این ایس او فرحان جاوید ،علی شمریز، معاذ خان، عظیم جامی، راجہ عدنان، عمر حیات، نوشاد عباسی سمیت دیگر نے کہا کہ ریاست جموں وکشمیر ناقابل تقسیم سیاسی وجغرافیائی وحدت کا نام ہے جسے دنیا کی کوئی طاقت تقسیم نہیں کر سکتی ۔ مقررین نے کہا کہ وسائل پر قبضہ کرنے والوں نے کشمیر کو تقسیم کرنے کی سازش کر کے اپنی نااہلی، خودغرضی اور منافقت عیاں کر ردی ہے مظاہرین نصف گھنٹے تک مرکزی شاہراہ پر نعرہ بازی کرنے کے بعد پرامن طور پر منتشر ہوگئے اس موقع پر پولیس کی بھاری تعداد بھی امن وامان بحال رکھنے کے لیے موجود تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں