کورونا وائرس ، محکمہ صحت سندھ اور طبی ماہرین کی ایڈوائزری جاری

کراچی (سی این پی )کورونا وائرس کے پہلے مریض کے منظر عام پر آنے کے بعد محکمہ صحت اور ماہرین طب کی جانب سے کورونا وائرس کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کردی گئی۔ شہریوں کو پرسکون رہنے کا مشورہ بھی دیا جا رہا ہے۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق کرونا وائرس کے لئے شہر کے 4 اسپتالوں سمیت سندھ کے 9 اسپتالوں میں آئسولیشن وارڈ قائم کردئیے گئے ہیں۔ محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق کراچی کے آغا خان اسپتال سمیت جناح اسپتال، ڈا میڈیکل اوجھا کیمپس، سول اسپتال، لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدرآباد، پی ایم سی ایچ نواب شاہ، سول اسپتال میر پور خاص، جی ایم ایم ایم سی سکھر اسپتال اور سی ایم سی ایچ لاڑکانہ اسپتال میں مریضوں کے علاج کا انتظام کیا گیا ہے۔ اسکریننگ کے لئیے کراچی ایئر پورٹ پر دو پوائنٹس پر تھرمل اسکینر بھی نصب کئے گئے ہیں سول ایوی ایشن۔ جے پی ایم سی اور امن ایمبولینسز بھی ایئرپورٹس پر تعینات کردی گئی ہیں۔شہرمیں کرونا وائرس کا کیس ریکارڈ ہونے کے بعد شہریوں کے لئے ماہر طب نے ایڈوائزری بھی جاری کردی ہے۔ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کی جانے والی ایڈوائزری کے مطابق شہری صاف ستھری اور صحت مند غذا استعمال کریں۔ ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور گلے ملنے سے اجتناب برتیں۔ موجودہ صورتحال میں پانی کااستعمال زیادہ کردیں۔ کھلی جگہوں پر کھانسنے اور چھینکنے سے اجتناب برتیں۔ ایک دوسروں سے لی گئی چیزوں سے بھی اجتناب برتیں۔موجودہ صورتحال میں شہر بھر میں ہائی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔ صوبہ سندھ کے تمام اسپتالوں سمیت بلدیہ عظمی کے تمام اسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں