پی ایس ایل فائیو،بیٹنگ کے شعبے میں بابراعظم، بائولنگ میں محمد حسنین سرفہرست

اسلام آباد(سی این پی) پی ایس ایل فائیو کے لیگ میچز میں کراچی کنگز کے اوپننگ بلے باز بابر اعظم بیٹنگ کے میدان میں بازی لے گئے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین بائولنگ کے شعبے میں سرفہرست رہے۔ بابر اعظم نے 9 اننگز میں 49.28 کی اوسط سے 345 رنز بنا کر سب کو پیچھے چھوڑ دیا، لاہور قلندرز کے کرس لین دوسرے اور بین ڈنک تیسرے نمبر پر رہے، بائولنگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین نے سب سے زیادہ 15 وکٹیں لے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، مایہ ناز بلے باز بابر اعظم نے لیگ میں اپنی عمدہ کارکردگی کا سلسلہ کو برقرار رکھا اور وہ پاکستان سپر لیگ میں بھی ملکی و غیر ملکی بلے بازوں پر سبقت لے گئے۔ انہوں نے 10 میچز کی 9 اننگز میں 49.28 کی اوسط سے 345 رنز بنائے ہیں جس میں 3 نصف سنچریاں شامل تھیں، لاہور قلندرز کے کرس لین نے 8 اننگز میں 284 رنز بنائے جس میں ایک سنچری اور ایک ففٹی شامل تھی، لاہور قلندرز کے بین ڈنک 266 رنز کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے، بائولنگ کے میدان میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے محمد حسنین نے شاندار بائولنگ کا مظاہرہ کیا اور 9 میچوں میں 19.13 کی اوسط سے 15 وکٹیں لے کر سرفہرست رہے، لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی 9 میچوں کی 9 اننگز میں 13 وکٹیں لے کر دوسرے اور پشاور زلمی کے وہاب ریاض بھی 9 میچوں کی 9 اننگز میں11 وکٹیں لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔ واضح رہے کہ پوری دنیا میں پھیلتی ہوئی وبائی بیماری کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل فائیو کے سیمی فائنلز اور فائنل میچ ملتوی کر دیئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں