کورونا وائرس ، ہالی ووڈ کی رونقیں اجاڑ دیں، اربوں ڈالرز ڈوبنے کا خطرہ

لاس اینجلس (سی این پی )دنیا بھر میں کوروناوائرس نے کسی عفریت کی طرح پنجے پھیلالیے ہیں۔ لوگ کورونا کی دہشت سے اپنے گھروں میں سہمے بیٹھے ہیں ہر چہرے سے خوف جھلک رہا ہے، گلیاں سڑکیں سنسان پڑی ہیں۔ اس جان لیو ااور مہلک وائرس نے اب تک 13 ہزار سے زائد زندگیاں نگل لی ہیں ۔جبکہ لاکھوں لوگ اس سے متاثر ہیں۔کورونا وائرس نے جہاں عالمی معیشت پر بہت برے اثرات مرتب کیے ہیں ،وہیں اس نے دنیا کی سب سے بڑی انٹرٹینمنٹ کی انڈسٹری یعنی ہالی ووڈکو بھی ویران کردیا ہے۔ اربوں کھربوں کے بجٹ سے بننے والی ہالی ووڈ کی تقریبا تمام زیر تکمیل فلموں کی شوٹنگ بند ہوگئی ہیں۔ جب کہ سینما اور تھیٹرز میں ویرانی چھائی ہوئی ہے۔یو ایس انٹرٹینمنٹ انڈسٹری یونین آئی اے ٹی ایس ای (انٹرنیشنل الائنس آف تھیٹریکل اسٹیج ایمپلائیز)کے مطابق کورونا وائرس کے باعث ہونے والے حالیہ شٹ ڈائون کی وجہ سے ہالی ووڈ کے تقریبا ایک لاکھ 20 ہزارلوگ بے روز گار ہوگئے ہیں۔ صرف یہی نہیں انٹرٹینمنٹ کے شعبے سے جڑے کئی بڑے اور مہنگے ترین ایونٹس بھی کورونا وائرس کے باعث منسوخ کردئیے گئے ہیں۔ کورونا وائرس سے متعلق فیصلوں کے اثرات کی وجہ سے رواں سال ہالی ووڈ کو 20 بلین ڈالرز کا نقصان ہونے کا اندیشہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں