حمزہ شہباز نے ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

لاہور(سی این پی) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہبازنے ضمانت کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی ، لیگی رہنما نے موقف اپنایا کہ جیل میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔تفصیلا ت کے مطابق حمزہ شہباز نے ایڈووکیٹ امجد پرویز کی وساطت سے دائر کی گئی درخواست میں چیئرمین نیب، ڈی جی نیب اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا ہے۔ن لیگی رہنما نے موقف اپنایا گیا کہ حمزہ شہباز کو کورونا سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے اور لاہور ہائی کورٹ سے ہدایت بھی جاری ہوئی ہیں کہ قیدیوں کی درخواست ضمانتیں دائر کی جائیں۔درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ کورونا وائرس سے بچائوکیلئے ملزم کو آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس میں ضمانت پر رہا کیا جائے۔واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو نے ن لیگی رہنما حمزہ شہباز کو آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتار کر رکھا ہے۔اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی پر آمدن سے زائد اثاثے، رمضان شوگر ملز اور صاف پانی کیس کے مقدمات ہیں۔ حمزہ شہباز کو منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق مقدمات میں 11 جون2019 میں گرفتار کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں