اقوام متحدہ کا بھارت سے کشمیری رہنمائوں کی رہائی کا مطالبہ

نیویارک(سی این پی) اقوام متحدہ کے چیف نے بھارت سے کشمیری رہنمائوں کی رہائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھارت سے کشمیری رہنمائوں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں قید رہنمائوں اور وادی میں بڑھتے کرونا کیسز کے معاملے کو بغور دیکھ رہے ہیں۔سیکریٹری جنرل نے اپنے بیان میں کہا کہ انسانی حقوق کی 6 تنظیموں نے کشمیری رہنمائوں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے، مشترکہ مطالبہ ہے کہ بھارت کشمیری رہنمائوں کو رہا کرے۔ انھوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وبا کے دوران قیدیوں کی صورت حال بغور دیکھ رہے ہیں۔ادھر مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے خلاف حریت قیادت سراپا احتجاج بن گئی ہے، حریت قیادت نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری مرتے دم تک نئے ڈومیسائل قانون کو قبول نہیں کریں گے، کشمیری اپنی زمینیں بھارتیوں کو کسی قیمت پر فروخت نہیں کریں گے۔اسلامی تعاون کی تنظیم نے بھی مودی سرکار کے گھنائونے اقدام کو مسترد کر دیا ہے۔ دوسری طرف مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے مظالم جاری ہیں، رواں ماہ 12 سے زائد کشمیری نوجوان شہید کیے جا چکے ہیں، جب کہ درجنوں زیر حراست لیے گئے۔ گزشتہ روز مقبوضہ وادی کے ضلع کپواڑہ میں ایک جھڑپ کے دوران 8 بھارتی فوجی مارے گئے اور متعدد زخمی ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں