بھارت مقبوضہ کشمیر کے قیدیوں کے علاوہ باقی قیدی رہا کر رہا ہے، صدر آزاد کشمیر

اسلام آباد (سی این پی )صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لئے آزاد کشمیر حکومت نے بڑی مستعدی سے کام کیا ہے، لوگوں نے بھی بہت تعاون کیا ہے، فلاحی تنظیموں نے اشیائے خوردونوش کی فراہمی میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وفاق کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔ طبی آلات کا انتظام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ لاک ڈائون کا سلسلہ طویل ہوسکتا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم اپنی ضروریات کے لئے وفاق سے رابطہ میں ہیں۔ این ڈی ایم اے اور ایس سی او نے مواصلات کے حوالے سے بہت مدد کی ہے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر دہرا لاک ڈان ہے۔وہاں سے آنے والی اطلاعات کے مطابق 106 افراد میں کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ پازیٹیو آئی ہے،3 افراد کی موت واقع ہوئی ہے،4 صحت یاب ہوئے ہیںاور ہزاروں افراد آئیسولیٹ کئے گئے ہیں تاہم ان اعداد وشمار پر ہمیں یقین نہیں ہے۔ وہاں انٹرنیٹ بند ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی باقی تمام ریاستوں سے قیدیوں کو رہا کیا جا رہا ہے لیکن کشمیر میں سیاسی یا دوسرے قیدیوں کو رہا نہیں کیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے جیلوں میں بڑے پیمانے پر کورونا وائرس کے پھیلنے کا اندیشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مخیر حضرات اور تارکین وطن بھی مشکل کی اس گھڑی میں مدد کر رہی ہیں۔ آزاد کشمیر اور پاکستان سے درجنوں تنظیمیں امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں