یو این کی مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں سیز فائر کی اپیل

نیویارک(سی این پی) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں سیز فائر کی اپیل کر دی ہے۔تفصیلات کے مطابق یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دنیا بھر کے متنازع علاقوں میں جنگ بندی کی اپیل کی ہے، انھوں نے کہا کہ یہ اپیل کشمیر میں ایل او سی پر بھارتی خلاف ورزیوں کے متعلق بھی ہے۔ترجمان انتونیو گوتریس نے کہا کہ بھارت مستقل طور پر کشمیر میں ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارت خلاف ورزیاں کر کے پاکستان کو جانی و مالی نقصان پہنچا رہا ہے۔ترجمان نے بتایا کہ جنگ بندی کی اپیل دنیا کے ہر خطے سے متعلق ہے، یو این سیکریٹری جنرل کا پیغام پوری دنیا کے لیے تھا، 23 مارچ کو بھی یو این سیکریٹری جنرل نے کرونا سے نمٹنے کے لیے جنگ بندی کی اپیل کی تھی، اپیل کے باوجود بھارتی فورسز کی جانب سے ایل او سی پر فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔خیال رہے کہ ایل او سی کی خلاف ورزی پر پاکستان نے بھارت سے احتجاج بھی کیا، پاکستان نے یو این ملٹری آبزرور گروپ میں شکایات بھی درج کرائیں۔ واضح رہے کہ آج بھی لائن آف کنٹرول کے سنکھ سیکٹر پر ایک بھارتی ڈرون 600 میٹر تک پاکستان کی حدود میں گھس آیا تھا، جس پر پاک فوج نے بھارتی کواڈ کاپٹر کو مار گرا دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں