مقبوضہ کشمیر، ضلع شوپیاں میں غیر مقامی افراد کیلئے رہائشی کالونی بنانے کی منظوری

سری نگر(سی این پی )مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم کے ساتھ ساتھ ڈومیسائل قانون کے بعد کشمیریوں کو اقلیت میں بدلنے کے لیے غیر مقامی افراد کے لیے رہائشی کالونی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق وادی کشمیر کے جنوبی ضلع شوپیاں میں غیر مقامی افراد کے لیے رہائشی کالونی بنانے کی منظوری دے دی گئی ہے، مقبوضہ کشمیر کے کٹھ پتلی گورنر کشمیر کی زمین پر قبضے کے لیے عملی اقدامات بھی کرنے لگے۔دوسری جانب حریت قیادت نے رد عمل میں کہا ہے کہ کشمیر میں آبادی کا تناسب بدلنے کی ہر بھارتی کوشش ناکام ہوگی۔ادھر مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی بھی جاری ہے، ضلع بارہ مولہ میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے ایک کشمیری نوجوان شہید ہو گیا ہے، سوپور میں بھی ایک کشمیری نوجوان ساجد نواز ڈار کو شہید کر دیا گیا تھا جس کی نماز جنازہ ادا کی گئی، اس دوران شرکاء نے کشمیر کی آزادی کے نعرے بھی لگائے۔واضح رہے کہ ایک طرف پوری دنیا کرونا وائرس کی وباء سے پریشان ہے، اور بچنے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے ہیں، دوسری طرف بھارتی حکومت نے کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر دیا ہے، وادی میں موجود بھارتی فورسز کے مظالم میں بھی کوئی کمی نہیں آ سکی۔ جس پر گزشتہ روز ایک بار پھر اقوام متحدہ کے جنرل سیکریٹری انتونیو گوتریس کو کشمیر سمیت پوری دنیا میں متنازعہ علاقوں میں جنگ بندی کی اپیل کرنی پڑی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں