کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں کٹوتی ہوگی نہ ہی ملازمین کو نکال رہے ہیں،چیئرمین پی سی بی

لاہور(سی این پی) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں کٹوتی نہ کرنے اور سابق کرکٹرزکی پنشنز اور ڈومیسٹک کرکٹرز کے معاہدے برقرار رکھنے کا اعلان کردیا ،احسان مانی نے انڈین بورڈ کو ناقابل اعتبار قرار دےدیا۔پاکستان کرکٹ بور ڈ کے چیئرمین احسان مانی نے اپنے بیان میں کہا کہ اس مشکل وقت میں بورڈ کی اولین ترجیح قومی کرکٹرز اور ملازمین کو تحفظ دینا ہے ۔کھلاڑیوں اور ملازمین کے بغیر بورڈ کچھ بھی نہیں، کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں کٹوتی یا ملازمین کو نکالنے کے بارے میں نہیں سوچ رہے۔چئیرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں نئے براڈ کاسٹنگ معاہدے میں مشکل ضرورہو گی ،اس حوالے حکمت عملی بنارہے ہیں۔بھارت کے ساتھ سیریز نہ ہونے سے نقصان ہوتا ہے مگر ہم اس حوالے سے سوچتے بھی نہیں۔انہوں نے کہا کہ انڈین بورڈ قابل بھروسہ نہیں، وہ کئی بار معاہدے کرکے توڑ چکا ہے۔چیئر مین پی سی بی احسان مانی نے مستقبل قریب میں بھارت کے ساتھ سیریز کے امکانات کو رد کردیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا موجودہ براڈ کاسٹنگ کا معاہدہ تقریبا ختم ہو گیا ہے ۔احسان مانی نے کہاکہ آئندہ فیوچر ٹور پرواگرام میں ہماری انگلینڈ ،آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے ساتھ ہوم سیریز ہے۔احسان مانی نے کہا کہ آئی سی سی کے 5 سے 6 ایونٹس کی میزبانی میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ ہم نے انڈر 19 سے لے کر ورلڈ کپ تک کی میزبانی کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں