فکسنگ سکینڈل کیس،کرکٹرعمر اکمل پر تین سال کی پابندی عائد

لاہور(سی این پی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء سے قبل معطل ہونے والے بیٹسمین عمر اکمل پر تین سال کی پابندی لگا دی گئی۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020ء سے قبل اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر بیٹسمین عمر اکمل کو معطل کر دیا تھا۔ انہیں اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت معطل کیا گیا تھا، جس کے بعد عمر اکمل اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے جاری تحقیقات مکمل ہونے تک کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے۔پی سی بی کے بیان میں کہا گیا تھا کہ فی الحال عمر اکمل کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں لہٰذا بورڈ اس معاملے پر مزید کوئی بیان جاری نہیں کرے گا۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ عمر اکمل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے پی ایس ایل میں حصہ نہیں لے سکتے اس لیے تحقیقات کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پی ایس ایل 2020 کے لیے عمر اکمل کے متبادل کھلاڑی کا انتخاب کرنے کی اجازت ہو گی۔اسی دوران پاکستان کرکٹ بورڈ نے پینل تشکیل دیا جس کی سربراہی جسٹس (ر) فضلِ میراں چوہان کو دی گئی اور کہا گیا تھا کہ اس کیس کی سماعت 27 اپریل کو ہو گی، جس کے بعد فضل میراں چوہان نے نوٹس جاری کر دیئے تھے۔ کیس کی سماعت شروع ہوئی تو عمر اکمل اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے حکام پیش ہوئے، سماعت کے بعد عمر اکمل ڈسپلنری پینل کی سماعت ختم ہو گئی۔کیس کی سماعت کے بعد بیٹسمین عمر اکمل اور جسٹس ریٹائرڈ فضل میراں چوہان این سی اے سے واپس روانہ ہوگئے۔کیس کی سماعت کے بعد ڈسپلنٹری پینل کمیٹی کے سربراہ جسٹس (ر) فضل میراں چوہان نے بیٹسمین عمر اکمل پر تین سال کی پابندی لگا دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں