78 فیصد مریضوں میں کورونا کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئیں،محکمہ صحت بلوچستان

کوئٹہ(سی این پی) محکمہ صحت بلوچستان نے انکشاف کیا ہے کہ صوبے میں 78 فیصد متاثرہ مریضوں میں کورونا وائرس کی کوئی علامت ظاہر نہیں ہوئی۔محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا کے مہلک مرض میں مبتلا ہونے والے مریضوں میں سے 78 فیصد مریضوں میں کورونا کی علامات نہ ہونے کے برابر ظاہر ہوئی ہیں اس لیے انتہائی کم علامات ظاہر ہونے پر مریضوں کے مرض میں مبتلا ہونے کا انداز نہیں ہوتا۔محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ صوبے میں اب تک وائرس میں مبتلا ہونے والے مریضوں کی اکثریت کی عمریں 30 سے 44 برس کے درمیان ہیں، ان کا تناسب مجموعی مریضوں میں سے 33.2 فیصد ہے جب کہ 15 سے 29 برس کے مریضوں کا تناسب 26.62 فیصد ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں اب تک کورونا 60 سے زائد برس کے افراد پر انتہائی تیزی سے حملہ آور ہوا ہے، اس کے علاوہ صوبے میں 80 فیصد مرد جب کہ 20 فیصد خواتین کورونا کاشکار ہوئی ہیں۔واضح رہے کہ ملک میں کورونا کیسز کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے، اب تک کیسز کی مجموعی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے جن میں 1200 سے زائد مریضوں کا تعلق بلوچستان سے ہے جب کہ صوبے میں اب تک 21 افراد بھی جاں بحق ہوچکے ہیں۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں