صدر مملکت نے ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے میں این ٹی یو کے کردار کو سراہا

اسلام آباد ( سی این پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملک میں کورونا وائرس کے چیلنج کے پیشِ نظر طلباء کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے یونیورسٹیوں کی جانب سے جدید انفارمیشن کمیونیکیشن ٹیکنالوجیز کو بروئے کار لانے پر زور دیا ہے۔ وہ نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر تنویر حسین کی جانب سےایوان صدر میں پریزنٹیشن کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ صدر مملکت کو بتایا گیا کہ نیشنل ٹیکسٹائل یونیورسٹی ٹیکسٹائل کے شعبہ میں انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سطح کے پروگرام پیش کرتی ہے جو نہ صرف پاکستان میں بلکہ ٹیکسٹائل یونیورسٹی آف یو کے سے بھی منظور شدہ ہیں۔ اسی طرح ٹیکسٹائل کے متعلق پروگرام پیش کرنے والی تمام معروف عالمی یونیورسٹیوں کے ساتھ تعاون قائم ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر تنویر حسین نے کہا کہ ان کی یونیورسٹی کے گریجویٹس کی بڑی مانگ ہے کیونکہ ان میں سے اکثریت کو ان کی تعلیم کے آخری سال کے دوران ہی ملازمت کی پیشکش موصول ہو جاتی ہے۔ صدر مملکت نے این ٹی یو فیصل آباد پر زور دیا کہ مقامی ٹیکسٹائل انڈسٹری کو ویلیو ایڈیشن اور اپنی مصنوعات میں تنوع یقینی بنانے میں مدد دینے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے میں این ٹی یو کے کردار کو سراہا اور کہا کہ ملک کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کے ساتھ ساتھ برآمدی شعبہ کے فروغ کے لیے اس یونیورسٹی کی خدمات قابل تعریف ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں