ایک روپے کلو ٹماٹر، کاشت کاروں نے سیکڑوں ٹن سڑک پر پھینک دیے

نئی دہلی(سی این پی)کرونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈائون کے دوران ٹماٹر کی قیمت گرنے کے باعث کاشت کاروں نے سیکڑوں ٹن ٹماٹر سڑک پر پھینک دیے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق بھارت میں ملک گیر سطح پر جاری لاک ڈائون سے جہاں زندگی کا ہر شعبہ متاثر ہوا ہے وہیں ٹماٹروں کی کاشت کرنے والے کسان بھی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں۔لاک ڈائون کی صورت حال میں صرف چند ہی ہفتوں کے دوران ٹماٹر کی فصل کے نرخ تیزی سے نیچے گر گئے ہیں، جس کی وجہ سے ٹماٹر اب کوئی کوڑیوں کے دام بھی لینے کو تیار نہیں۔اترپردیش انڈیا کے شہر غازی پور کی منڈی میں ٹماٹروں کا کوئی خریدار نہیں رہا، منڈی میں ایک روپے کلو ٹماٹر فروخت ہوئے، جس کے باعث کاشت کاروں نے سیکڑوں ٹن ٹماٹر سڑک پر پھینک دیے۔سرحدوں کی بندش سے تجارتی معطلی کے باعث کاشت کار خسارے کا سودا کرنے پر مجبور ہو گئے، بتایا گیا ہے کہ کاشت کاروں کا کوئی پرسان حال نہیں، وہ اپنی فصلوں کو برباد کرنے پر مجبور ہیں، حکومت کی جانب سے کاروبار بچانے کے لیے تاحال کوئی اسکیم نہیں بنائی گئی۔دوسری طرف موجودہ صورت حال میں کاشت کار مایوسی کا شکار ہو گئے ہیں، ٹماٹر کی فصل مٹی میں ملانے کے علاوہ آئندہ سیزن کی دیگر فصلوں کا مستقبل بھی خطرے میں پڑ گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں