سعودی صحافی جمال خاشقجی کے بیٹوں نے والد کے قاتلوں کو معاف کر دیا

استنبول(سی این پی)ترکی میں سعودی قونصل خانے سے اغوا کے بعد قتل ہونے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے بیٹوں نے والد کے قاتلوں کو معاف کرنے کا اعلان کر دیا۔جمال خاشقجی کے بیٹے صالح نے اپنے بیان میں کہا کہ ہم شہید والد کے قاتلوں کو معاف کرنے کااعلان کرتے ہیں، اس مقدس شب ہمارے ذہنوں میں اللہ کی آیت ہے۔صالح خاشقجی نے مزید کہا کہ اگر کوئی شخص معاف کر دے اور مفاہمت کر لے تو اس کا اجر اللہ دے گا۔یاد رہے کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی دو اکتوبر 2018 کو استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے سے لاپتہ ہو گئے تھے جس کے بعد ان کو قتل کیے جانے کی تصدیق ہوئی تھی۔سعودی عرب نے پہلے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی استنبول میں واقع قونصل خانے میں لڑائی کے دوران ہلاک ہوئے بعدازاں ان کی لاش کے ٹکڑے ترکی میں تعینات سعودی سفیر کے گھر کے باغیچے سے برآمد ہوئے۔جمال خاشقجی کے قتل کے حوالے سے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا نام آ رہا تھا کہ انھوں نے جمال خاشقجی کو قتل کرنے کا حکم دیا تاہم محمد بن سلمان اپنے اوپر اس حوالے سے لگنے والے تمام الزامات کی تردید کر چکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں