چینی بحران کی رپورٹ، اپوزیشن لیڈر کا وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

لاہور(سی این پی) شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے وزیراعظم عمران خان سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کردیا۔اپنے ایک بیان میں شہبازشریف نے کہا کہ چینی بحران میں عمران خان کو ذمہ دارنہ ٹھہراکر رپورٹ میں سیاہ کوسفیدثابت کرنیکی کوشش کی گئی، عمران خان نے پہلے قومی خزانہ لوٹنے کی اجازت دی پھرکہا جنہوں نے لوٹا ہے انہیں گرفتارکرلو، عوام کی آٹاچینی چوری کے تمام فیصلوں کی منظوری عمران خان نے دی، قوم کو لوٹنے کی اجازت دینے والے وزیراعظم مستعفی ہوں۔انہوں نے کہا کہ قوم کو لوٹنے کا لائسنس عمران خان نے دیا، اس پر دستخط انہوں نے ہی کیے، اب وہ اس ذمہ داری کو کسی اور پر نہیں ڈال سکتے ، عوام کی چینی چوری کرنے والے گروہ کے سرغنہ کا نام وزیراعظم عمران خان ہے۔اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھاکہ ملک میں چینی کا ذخیرہ تھا ہی نہیں، پھر وزیراعظم نے اجازت کیوں دی؟، شوگرایڈوائزری بورڈ اور سیکرٹری خوراک نے چینی برآمد کی مخالفت کی اور وزیراعظم نے مخالفت کے باوجود چینی برآمدکی اجازت کیوں دی؟انہوں نے مزید کہا کہ قوم کو دو دو بار لوٹاگیا، ایک بار برآمدکی اجازت دے کر اور پھر 36 روپے فی کلو مہنگی چینی بیچ کر، چینی باہر بھیجنے کی اجازت دینا، اس کی ذخیرہ اندوزی اور مقامی مارکیٹ میں مہنگی فروخت عمران خان کے جرائم ہیں، دوسروں کو قربانی کا بکرا بنانے سے ان کی ذمہ داری ختم نہیں ہوگی، وزیراعظم اقتصادی رابطہ کمیٹی اور بطور سربراہ کابینہ ہرفیصلے کے ذمہ دار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں