پاکستان میں ماہِ شوّال 1441 ہجری کا چاند نظر آگیا

کراچی(سی این پی )پاکستان میں ماہِ شوّال 1441 ہجری کا چاند نظر آگیا جس کے بعد عید الفطر کل 24 مئی بروز اتوار کو منائی جائے فی۔تفصیلات کے مطابق ماہ شوال کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمان کی زیرصدارت 4 گھنٹے سے زائد وقت تک جاری رہا ، اجلاس میں رویت ہلال کمیٹی کے ارکان،زونل کمیٹی ممبران اور نیوی کے ماہرین بھی شریک تھے۔ رویت ہلال کمیٹی کی تکنیکی معاونت کیلئے محکمہ موسمیات سپارکو کے ارکان بھی اجلاس میں موجود رہے ، جبکہ مفتی منیب الرحمان نے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ختم ہونے کے بعد چاند کی شہادتیں موصول ہونے اور کل 24 مئی بروز اتوار کو عید منانے کا اعلان کیا۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں مطلع صاف تھا، بلوچستان کے مختلف علاقوں، راولپنڈی اور سندھ کے کچھ علاقوں سے چاند کی شہادات موصول ہوئیں۔چمن سے حافظ محمد یونس نے بتایا کہ ہمارے ساتھ اعتکاف میں بیٹھے 15 افراد نے چاند دیکھا، پشین سے لوگوں نے بتایا کہ جم غفیر نے چاند دیکھا۔ مختلف مقامات سے ہمیں چاند دیکھنے کی شہادت موصول ہوئی۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ماہ شوّال 1441 ہجری کا چاند نظر آگیا، کل بروز اتوار 24 مئی کو پاکستان بھر میں عید منائی جائے گی۔مفتی منیب الرحمان نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے پیش نظر گلے ملنے سے پرہیز کیا جائے اور صرف آواز کی حد تک عید مبارک کہیں۔ فواد چودھری صاحب کی باتیں سنی ہیں، ہم پر کوئی دباؤنہیں، صرف شریعت پر عمل کرنے کے پابند ہیں، ہمارے لیے دین اہم ہے۔اس سے قبل بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹر بابر کہدہ کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پسنی میں میرے علاقے میں30سے زائد لوگوں نے اپنی آنکھوں سے چاند دیکھا، بلوچستان کے علاقے پسنی میں شوال کا چاند نظرآگیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے ڈپٹی کمشنرپسنی کوبھی چاند نظرآنے سے متعلق اطلاع کر دی۔ پسنی میں 30 سے زائد لوگوں نے چاند دیکھا، پسنی میں چاند نظر آنے کی شہادت موصول ہوئی۔واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری اعلان کیا تھا کہ سائنسی اعتبار سے چاند کی پیدائش آج ہوجائے گی اورپاکستان میں کل عید الفطر منائی جائے گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں