کورونا کی آڑ میں بھارت نے کشمیریوں پرمظالم بڑھائے،شاہ محمود قریشی

ملتان(سی این پی) وزیر خارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ بھارت نے کورونا کی آڑ میں کشمیریوں پر مظالم بڑھا دئیے ہیں ، بلوچستان میں بھارتی مداخلت پر کوئی شک نہیں ، بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے ۔تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں نمازعید کے ادائیگی کے بعد پوری قوم کو عید الفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ یہ عید پچھلی عید سے مختلف ہے لوگ غم میں ہیں، طیارہ حادثہ میں جاں بحق افراد لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتا ہوں ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھے اور ہمارا واضح پیغام ہے کہ اگر جارحیت ہوئی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں بھارتی مداخلت پر کوئی شک نہیں ، بھارت خیبر پختونخوا کے قبائلی اضلاع اور بلوچستان میں کچھ قوتوں کی پشت پناہی کررہاہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ کرونا سے پوری دنیا میں 3 لاکھ سے زائد اموات ہوچکی ہیں ، خاص طور پر مقبوضہ کشمیر کے شہریوں سے اظہارِ ہمدردی کرتا ہوں ، بھارت نے کرونا کی آڑ میں کشمیریوں پر ظلم و تشدد میں اضافہ کردیا ہے ۔ گزشتہ روز سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ سے تفصیلی بات ہوئی ہے ، ہم نے اقوام متحدہ کو آگاہ کیا ہے کہ بھارت ان حالات میں فالس فلیگ آپریشن کر سکتا ہے ، او آئی سی کے جنرل سیکرٹری ، سلامتی کونسل کے صدر کو کشمیر کی صورت حال پر نیا خط بھیجا ہے۔ کشمیر کے مسئلے کو عالمی سطح پر بھرپور طریقے سے اجاگر کریں گے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے جذبہ خیر سگالی کے تحت امریکا کو کورونا سے بچاؤ کا سامان بطور تحفہ دیا ، اس کے علاوہ پاکستان نے دوست ممالک کو ادویات بھی بھیجیں ہیں ۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ طالبان نے عید کے موقع پر سیز فائر کا اعلان کیا ہے جو خوش آئند ہے ، افغانستان میں امن کے مرحلے میں پیش رفت ہوئی ہے ، افغانستان میںقیام امن کےلئے دعاگو ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں