صدر مملکت اوروزیراعظم کی عوام سے عید سادگی سے منانے کی اپیل

اسلام آباد(سی این پی)صدر ممکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان نے ملک بھر میں عیدالفطر سادگی سے منانے کی اپیل کی ہے۔تفصیلات کے مطابق صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے عیدالفطر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ عید کے موقع پر شہدا کو کبھی نہیں بھول سکتا،شہدا اور ان کے خاندانوں کا قوم پر بہت بڑا احسان ہے، ہمیں ان پر فخر ہے۔ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اپنی عید شہدا پی آئی اے،کرونا سے لڑنے والے ڈاکٹر، نرسز،بھارتی مظالم برداشت کرنے والےکشمیریوں، بھارت میں اسلاموفوبیا سے متاثرہ مسلمانوں، فلسطینیوں اور مسلمان مہاجرین کے نام وقف کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ میں عیدالفطر کی نمازگھر پر ادا کروں گا،تمام لوگوں سے درخواست ہے معاشرتی فاصلوں پر عمل کریں،ماسک پہنیں، ہاتھ دھوئیں،خود اور اپنے عزیزوں کو کرونا سے محفوظ رکھیں،انشااللہ پاکستان اس مشکل سے کامیاب ہوجائےگا۔صدر مملکت کا کہنا تھا کہ یہ منفرد موقع ہے ملک میں ایک ہی دن عید منائی جا رہی ہے،وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ملک اتحاد،خوشحالی کی جانب گامزن ہے۔وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے عید کے پیغام میں نیک خواہشات کے ساتھ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی افواج کی جاری بربریت کا نہایت ہمت وجوان مردی سے سامنا کرنے پر اہل کشمیر کو سلام پیش کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں