حکومت سندھ نے سخت فیصلے عوام کی خاطر کئے، ناصر حسین شاہ

کراچی (سی این پی )وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ نے سخت فیصلے عوام کی خاطر کئے، عدالتی احکام پر وفاق کے ساتھ مل کر حکمت عملی ترتیب دی۔یہ بات انہوں نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانوں پر کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی ہے۔ اس سلسلے میں سندھ حکومت نے عدالتی احکام پر وفاق کے ساتھ مل کر حکمت عملی ترتیب دی۔ناصر حسین شاہ نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات لائق تحسین ہیں، عوام کی خدمت میں مصروف ڈاکٹروں اور طبی عملے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، موجودہ حالات میں انسانیت کی بقا میں مصروف مسیحا ہمارا فخر ہیں، اسپتالوں میں بیڈز اور دیگر سہولیات بھی بڑھا رہے ہیں۔وزیراطلاعات سندھ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے سخت فیصلے عوام کی خاطر کئے، عوام افواہوں سے اجتناب کریں اورحکومتی اعلانات پر عمل کریں، سماجی فاصلوں کی روایت اور احتیاطی تدابیر پر عمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ صرف مخصوص اوقات میں ایس او پیز کے تحت کاروبار جاری رہنا چاہیے، کورونا کے ساتھ رہنے کی عادت اپنانا ہوگی، حکومت سندھ کی کاوشوں کو ریل اور جہاز کی سفری آزادیاں نقصان پہنچارہی ہیں۔واضح رہے کہ وفاق اور حکومت سندھ کے مابین لاک ڈان میں نرمی یا اس میں توسیع کے معاملے پر ایک دوسرے کے خلاف بیان بازی کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔اس سے قبل حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف نے حکومت سندھ کو متنبہ کیا تھا کہ سندھ کے شہری علاقوں میں لاک ڈائون میں مزید اضافے کے کسی بھی اقدام کی مزاحمت کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں