صدر آزاد کشمیر سے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر کی ملاقات ،کرونا وائرس ، بھارت ، چین سرحدی کشیدگی پر تبادلہ خیال

مظفرآباد(سی این پی)صدر آزاد جموں وکشمیر سردار مسعود خان سے وزیراعظم آزا د کشمیر راجہ فاروق حیدر خان کی ایوان صدر مظفرآباد میں طویل ملاقات ہوئی ہے ۔ ملاقات میں صدر ریاست اور وزیراعظم نے لداخ میں بھارت اور چین کے درمیان سرحدی کشیدگی اور اس کے جموںو کشمیر پر پڑنے والے اثرات ، تنازع کشمیر کے حوالے سے عالمی منظر نامہ ، مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم ، بھارتی حکومت کی طرف سے نئے ڈومیسائل قوانین کے نفاذ کے مضمرات اور آزادکشمیر میں کرونا وائرس کی وبا پھوٹنے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سمیت دیگر قومی اہمیت کے امور پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر اور وزیر اعظم نے کرونا وائرس کی وبا کے حوالے سے لاک ڈائون ، وبا کے پھیلائو کو روکنے کے لئے حکومتی اقدامات اور وبا پر قابو پانے کے لئے عوامی تعاون پر مجموعی طور پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کرونا وائرس پر مکمل طور پر قابو پانے تک تمام ضروری حفاظتی اقدامات پر بھرپور توجہ دی جائے گی اور انسانی جانوں کی حفاظت کے سلسلے میں کسی قسم کی سستی اور غفلت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ صدر آزاد کشمیر اور وزیراعظم نے لداخ میں بھارت اور چین کی افواج کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کا ذمہ دار بھارت کو قرار دیتے ہوئے ہمسایہ ممالک کے خلاف بھارت کے جارحانہ رویہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے خبردار کیا کہ بھارت ایک جانب پاکستان کو جنگ کی دھمکیاں دے رہا ہے اور دوسری جانب نیپال کی سلامتی اور علاقائی خود مختاری میں مداخلت کر رہا ہے اور اب سکم تبت سرحد پر لداخ کے ناکولا کے علاقے میں چینی فوج کے ساتھ بھارتی فوج کے غیر مسلح تصادم نے ثابت کر دیا ہے ، بھارت توسیع پسندانہ سوچ رکھتا ہے اور خطہ میں امن و سلامتی کے لئے ایک بڑا خطرہ ہے ۔ دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ بھارت کاہمسایہ ممالک کے ساتھ مخاصمانہ رویہ خطہ کو جنگ کی طرف لے جا سکتا ہے جو تمام علاقائی ممالک کے لئے سخت تشویش کا باعث ہے ۔ صدر اور وزیراعظم آزاد کشمیر نے بھارتی حکومت کی طرف سے 5اگست 2019 کے غیر قانونی اقدامات کے تسلسل میں نئے ڈومیسائل قوانین کے نفاذ کی شدید مذمت کرتے ہوئے بھارت کے اس اقدام کو مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کی زمین ، کاروبار ، ملازمتوں اور تعلیم کے حقوق چھیننے کی سازش قرار دیا ۔ دونو ں رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی طرف سے بھارتی اقدامات کو مسترد کرنے اور بھارت کے ناجائز اور غاصبانہ قبضہ کے خلاف بے مثال جدوجہد کرنے اور آزادی اور حق خودارادیت کے حصول کے لئے طویل صبر آزما جدوجہد کر نے پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے یقین دلایا کہ آزا د کشمیر کا بچہ بچہ اور پوری پاکستانی قوم ان کے ساتھ ہے اور تحریک آزاد کے اس ناز ک مرحلے پر و ہ اپنے آ پ کو تنہا خیال نہ کریں ۔ وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے صدر آزاد کشمیر کے چچا سردار محمد نذیر خان کی وفات پر ان سے تعزیت کا اظہار کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر وزیر حکومت ڈاکٹر مصطفی بشیر اور ممتاز عالم دین صاجزادہ سلیم چشتی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارتی حکومت کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں محاصرے اور گھر گھر تلاشیوں کے عمل کو تیز کرنے ، نوجوانوں کو جعلی مسلح مقابلو ں میں شہید کرنے اور نوجوانوں کو گرفتار کرکے جیلوں اور عقوبت خانوں میں بدترین تشدد کا نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کے وہ بھارت کو انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں سے باز رکھنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے ۔ دریں اثنا صدر آزاد کشمیرسے آزاد جموں و کشمیر کے سابق چیف جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیا اور چیف سیکرٹری معطر نیا ز رانا نے بھی ملاقات کی اور صدر آزاد کشمیر سے ان کے چچا سردار محمد نذیر خان کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا اور مرحوم کی مغفرت کیلئے دعا کی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں