اسکول کھولنے کا فیصلہ نہیں ہوا،وزیر تعلیم سندھ

کراچی(سی این پی)وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ اسکول واحد جگہ ہوگی جو ہم سب سے آخر میں کھولیں گے۔تفصیلات کے مطابق ایک بیان میں سعید غنی کا کہنا تھا کہ اسکولوں کے کھولنے سے متعلق ابھی فیصلہ نہیں ہوا ہے، اس صورت حال میں اگر ہم اسکول کھول بھی دیں تو والدین بچوں کو نہیں بھیجیں گے۔انہوں نے کہا کہ اسکول واحد جگہ ہوگی جو ہم سب سے آخر میں کھولیں گے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز محکمہ داخلہ سندھ نے صوبے میں لاک ڈائون 30 جون تک بڑھادیا تھا اور اس حوالے سے نیا حکم نامہ جاری کر دیا ہے۔محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق نیشنل کوآرڈینیشن کمیٹی کے فیصلوں کی روشنی میں حکومت سندھ نے فیصلہ کیاہے کہ تمام تعلیمی و تربیتی ادارے، شادی ہالز ،بزنس سینٹر اور ایکسپو ہالز بدستور بند رہیں گے۔نوٹیفکیشن کے مطابق کھیلوں کی تمام سرگرمیاں ان ڈور اور آئوٹ ڈور اسپورٹس سمیت جِم اور کلبس بھی بند رہیں گے۔اس کے علاوہ ہر قسم کے ریسٹورنٹ اور کیفے بند رہیں گے تاہم خرید کر گھر لے جانے اور ہوم ڈیلیوری کی اجازت ہوگی جب کہ سیاحوں کے لیے ہوٹلز بھی بند رہیں گے۔محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق تمام تفریحی مقامات ، پارکس،سنیما اور تھیٹر بند رہیں گے جب کہ بیوٹی پارلرز کو بھی کھولنے کی اجازت نہیں ہے۔اعلامیے کے مطابق صوبے میں ہر قسم کے اجتماعات، جلوس، مزارات پر کسی بھی تقریب پر تا حکم ثانی پابندی ہوگی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں