وزیراعلی پنجاب کی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام تک پہنچانے کی ہدایت

لاہور(سی این پی)وزیراعلی پنجاب نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ مزید کمی کا فائدہ عام آدمی تک پہنچانے کی ہدایت کر دی۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے اور محکمے موثر منصوبہ بندی کر کے ریلیف کے اقدامات کو یقینی بنائیں۔وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی جانب سے جاری ہدایات میں کہا گیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی کے ثمرات ہر حال میں عوام تک پہنچنے چاہئیں، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی لانے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا ہر قدم عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے اٹھ رہا ہے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا عوام کیلئے تحفہ ہے، حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کر کے عوام کے دل جیت لئے ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے مزید اقدامات جاری رکھیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں