گیند پر تھوک لگانے پر پابندی عائد کرنے سے بولرزکی کارکردگی متاثر ہوگی ،وسیم اکرم

لاہور(سی این پی )سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے گیند پر تھوک لگانے پر پابندی عائد کرنے پر خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اس سے بولرز کی کارکردگی متاثر ہوگی اور وہ روبوٹ بن جائیں گے۔انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کرنے کے لیے چند گائیڈ لائنز جاری کی گئی ہیں جس میں بولرز کے تھوک سے گیند چمکانے پر پابندی شامل ہے البتہ پسینا لگانے کی اجازت ہے۔اس حوالے سے خبررساں ادارے سے بات کرتے ہوئے وسیم اکرم نے کہا کہ اس پابندی سے بولرز روبوٹ بن جائیں گے، جب وہ آکر بغیر سوئنگ کے بولنگ کرائیں گے تو انہیں گیند کے قدرتی طور پر پرانے ہونے کے لیے صبر کے ساتھ انتظار کرنا ہو گا۔سابق کپتان کا کہنا تھا کہ میرے لیے یہ عجیب صورتحال ہے کیونکہ میں تو تھوک سے بال چمکا کر سوئنگ کرتے ہوئے بڑا ہوا ہوں۔انہوں نے مزید کہا کہ میں اس مشکل وقت میں احتیاطی تدابیر اپنانے کا قائل ہوں لہٰذا اب بولرز کو گیند پرانے ہونے کا انتظار کرنا ہوگا تاکہ وہ سوئنگ ہو سکے۔پسینے سے گیند چمکانے پر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ صرف پسینے سے ٹھنڈے ممالک میں گیند سوئنگ ہونا ممکن نہیں اور پسینے کا زیادہ استعمال گیند کو گیلا کر دے گا۔سابق فاسٹ بولر کا ماننا ہے کہ آئی سی سی کو گیند چمکانے کے حوالے سے کوئی مناسب حل تلاش کرنے کی ضرورت ہے تاہم بال سوئنگ کیلئے مصنوعی طور پر ویسلین کا استعمال ہوسکتا ہے مگر آخر کتنا زیادہ ہوگا؟ سوئنگ کے سلطان کا کہنا تھا کہ ابھی انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی سیریز ہے اس میں دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے یہ پابندی کیسی رہتی ہے کیونکہ میں نے کبھی اس کا تجربہ نہیں کیا۔علاوہ ازیں وسیم اکرم نے تجویز دیتے ہوئے کہا کہ حکام کو تھوڑی حد تک بولرز کو بال ٹیمپرنگ کی اجازت دینے پر غور کرنا چاہیے، اس پر بیٹھ کر فیصلہ کیا جائے کہ وہ پہلے اوور سے یا 25 اوورز کے بعد کب کرسکتے ہیں، ورنہ تو گیم پہلے ہی بلے بازوں کے حق میں جاچکا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں