ملک بھر میں مویشی منڈیوں سے متعلق اہم حکمت عملی

اسلام آباد(سی این پی) وزارت داخلہ نے ملک بھر میں مویشی منڈیاں لگانے سے متعلق سفارشات تیار کرلیں۔تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے تیار کردہ سفارشات میں تجویز دی گئی ہے کہ منڈیاں ملک کے تمام بڑے شہروں میں لگائی جائیں گی، منڈیاں شہروں کے داخلی یاخارجی راستوں پر لگائی جاسکیں گی۔سفارشات میں شہروں میں سرعام مویشی فروخت کرنے پر مکمل پابندی کی تجویز دی گئی ہے، منڈی کے داخلی راستوں پر سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔عید کی نماز کے لیے علما ء سے مشاورت کے بعد تجاویز پر عمل کیا جائے گا۔ جبکہ قربانی اور جانوروں کے فضلے کو ٹھکانے لگانے کے حوالے سے بھی سفارشات تیار ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز پنجاب حکومت کی ذیلی کابینہ کمیٹی کا اہم اجلاس ہوا جس میں صوبے بھر میں مویشی منڈیاں لگانے اور اجتماعی قربانوں سے متعلق فیصلوں کی منظوری دی گئی۔خیال رہے کہ سندھ حکومت نے پہلے منڈیاں لگانے پر پابندی عائد کی تھی بعد ازاں پابندی ختم کردی گئی۔ جبکہ کراچی سپر ہائی وے پر لگنے والی ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی کی انتظامیہ نے ایس او پیز پر عمل درآمد کے لیے رقبے میں مزید توسیع کا کام شروع کردیا، سپرہائی مویشی منڈی میں رواں سال نئے بلاکس تیار کیے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں