وفاق اور سندھ میں ٹیکس جمع کرنے کا تنازع جلد ختم ہوجائے گا، ایف بی آر

اسلام آباد(سی این پی)چیئرپرسن ایف بی آر نوشین جاوید نے کہا ہے کہ وفاق اور سندھ میں ٹیکس جمع کرنے کا تنازع جلد ختم ہوگا، ایکسائزڈیوٹی معاملے پر سندھ حکومت سے معاملات طے کیے جارہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق چیئرپرسن ایف بی آر نوشین جاوید کا میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امید ہے ایک 2روز میں یہ معاملہ حل ہو جائے گا، سندھ حکومت کو بتادیا قانون کے مطابق یہ ٹیکس جمع کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ٹیکس ہدف کم رکھا جائے گا، کروناوائرس کے باعث گھمبیر معاشی صورت حال کا سامنا ہے، جسٹس قاضی فائز کونوٹسز کا معاملہ قانون کے مطابق دیکھ رہے ہیں۔خیال رہے کہ حالیہ دنوں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ وفاق نے ہمیں آئین کے تحت ٹیکس جمع کرنے کا اختیار دیا ہے،ہم اب وفاق کے لیے ٹیکس جمع نہیں کریں گے۔اس سے قبل رواں سال فروری میں وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ سے ایف بی آر نے کٹوتیاں کی ہیں،اگر فنڈز واپس نہیں دیے تو سندھ حکومت وفاق کے لیے ٹیکس جمع نہیں کرے گی، ان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈپارٹمنٹ کے دفتر میں ود ہولڈنگ ٹیکس جمع کرنے کے لیے اپنا کائونٹر کھول لے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں