آج سے مون سون بارشوں کا آغاز، نالوں میں طغیانی کا خدشہ

لاہور (سی این پی) ملک بھر میں مون سون بارشوں کا آج سے آغاز ہوگا، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے مون سون کے دوران نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہرکرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا، شام سے ہی ہوائوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔پی ڈی ایم اے کے نوٹیفکیشن کے مطابق مون سون کا ایکٹو فیز آج پنجاب میں داخل ہو جائے گا، یہاں پہلا سپیل جمعہ سے منگل تک رہے گا، موسلا دھار بارش سے ہفتہ اور اتوار کو پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر کے مقامی ندی نالوں اور پشاور، راولپنڈی، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور لاہور میں سیلابی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔محکمہ موسمیات نے اس سال 20 فیصد زیادہ بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، ترجمان کے مطابق آج شام بارش کا سلسلہ شروع ہوگا تاہم چند علاقوں میں صرف آندھی چلے گی، لاہور سمیت صوبہ پنجاب کے مختلف شہروں راولپنڈی، جہلم، اٹک، چکوال، گوجرانوالہ، گجرات، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور اور بہاولنگر میں شام اور رات کو آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ صوبہ کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں