امریکا میں اسکول کھولنے کا معاملہ، سی ڈی سی کا ٹرمپ کا حکم ماننے سے انکار

واشنگٹن(سی این پی) امریکا میں اسکول کھولنے کے معاملے پر ٹرمپ انتظامیہ نئے تنازع کا شکار ہو گئی ہے، امریکی سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول (سی ڈی سی)نے صدر ٹرمپ کا حکم نامہ ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے ٹویٹ کیا تھا کہ اسکول کھولنے کے لیے بنائی جانے والی گائیڈ لائنز بہت سخت اور مہنگی ہیں، ایک اور ٹویٹ میں انھوں نے دھمکی دی کہ اگر اسکول کھولے جانے کے خلاف مزاحمت کی گئی تو اسکول فنڈنگ بند کر دی جائے گی، حالانکہ ایسا کرنے کے لیے وفاقی حکومت کا اختیار محدود ہے۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سی ڈی سی کو نئی گائیڈ لائنز تیار کرنے کا حکم نامہ بھی جاری کیا، تاہم سی ڈی سی کے سربراہ ڈاکٹر رابرٹ ریڈ فیلڈ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ اسکول کھولنے کے لیے دی گئی گائیڈ لائنز تبدیل نہیں کر سکتے، ہماری گائیڈ لائنز تبدیل نہیں ہو سکتیں۔انھوں نے واضح کیا کہ سی ڈی سی کسی کی ضروریات کو نہیں دیکھتی بلکہ رہنما اصول تیار کرتی ہے۔خیال رہے کہ صدر ٹرمپ نے ملک کے صحت کے اعلی عہدے داروں کے مشوروں کے بر خلاف، بار بار مطالبہ کیا ہے کہ اسکول دوبارہ کھولے جائیں، حالانکہ ملک بھر میں کرونا کیسز میں اضافہ ہوا۔دوسری طرف اسکولوں کے دوبارہ کھولنے کے لیے سی ڈی سی نے رہنما خطوط جاری کیے ہیں، جو بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے اقدامات پر مشتمل ہیں، ان میں ڈیکسز کا 6 فٹ کے فاصلے پر رکھنا، بچوں کا فیس ماسک استعمال کرنا شامل ہے۔ وہ جگہیں جہاں بچے گھل ملتے ہیں جیسا کہ کھانے کی جگہ اور کھیل کا میدان ، سی ڈی سی نے ان جگہوں کو بند کرنے اور جہاں ضروری ہو وہاں چھینک کے ذرات پھیلنے سے روکنے والے شیلڈز لگانے کی تجویز بھی دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں