15ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کی تیاریاں ، حکومت نے بڑی اجازت دے دی

اسلام آباد(سی این پی) وفاقی حکومت نے تعلیمی اداروں کو 15جولائی سے دفاتر کھولنے کی اجازت دے دی ہے جبکہ یونیورسٹیز میں پی ایچ ڈی کے طلبہ کو ریسرچ ورک کی بھی اجازت مل گئی۔تفصیلات کے مطابق 15ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کی تیاریوں میں تیزی آگئی ، وفاقی حکومت نے تعلیمی اداروں کو 15جولائی سے دفاتر کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔یونیورسٹیز میں پی ایچ ڈی کے طلبہ کو ریسرچ ورک کی بھی اجازت مل گئی جبکہ ہوسٹلز کھولنے کا فیصلہ عید الاضحی کے بعد صورتحال کا جائزہ لیکرہوگا، ہوسٹلز میں رہنے والوں کے کورونا ٹیسٹ ہوں گے اور سخت ایس او پیز کے تحت امتحانات اور داخلہ ٹیسٹ کی اجازت ہو گی۔یاد رہے گذشتہ ہفتے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے ملک بھر میں 15ستمبر سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کرتے ہوئے ایس او پیز تیار کرنے کی ہدایت کی تھی اور کہا تھا صحت کے معاملات ٹھیک نہ ہوئے تو تعلیمی ادارے نہیں کھولیں گے۔وفاقی وزیر تعلیم نے مزید کہا تھا کہ کورونا کی صورتحال میں تعلیم کابڑا نقصان ہوا، مدارس کو بھی ایس اوپیز کے تحت امتحانات لینے کی اجازت ہوگی، امتحانات لینے کے دوران 6 فٹ کافاصلہ ہوگا،ماسک پہننا لازمی ہوگا، جہاں ممکن ہوٹینٹ لگا کر امتحانات لئے جاسکتے ہیں۔بعد ازاں وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے ملک بھر میں 15 ستمبر سے تمام تعلیمی ادارے کھولنے کے فیصلے سے متعلق صوبوں کو آگاہ کرتے ہوئے صوبائی چیف سیکر ٹریز کو مراسلے بھجوادیا تھا۔وفاقی سیکرٹری کی جانب سے چاروں صوبوں کے چیف سیکر ٹریز کو بھیجے گئے مراسلوں میں کہا گیا تھا کہ تعلیمی ادارے کورونا کے تناظر میں بنائے گئے ایس او پیز پر یقینی عملدرآمد کرتے ہوئے کھولے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں