پختونخواہ حکومت کا ایتھلیٹس کی مدد کے لیے مثالی اقدام

پشاور(سی این پی) صوبہ خیبر پختونخواہ کی حکومت نے مثالی اقدام کرتے ہوئے لاک ڈائون کے دوران ایتھلیٹس کی مالی معاونت کرنی شروع کردی، 100 سے زائد ایتھلیٹس اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں۔تفصیلات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخواہ میں کرونا وائرس سے کھیلوں پر اثرات اور حکومتی اقدامات کی رپورٹ جاری کردی گئی، رپورٹ کے مطابق کرونا وائرس کے پیش نظر پروفیشنل اکیڈمیاں اور میدان بند ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا کہ پختونخواہ میں ٹیلنٹ ہنٹ کی مختلف سرگرمیاں ملتوی کردی گئی ہیں، حکومت کھیلوں کے سب سے زیادہ 26 ارب ترقیاتی بجٹ پر خرچ کر رہی ہے، لاک ڈائون کی وجہ سے مالی سال کے اہم منصوبوں میں تاخیر ہوئی۔رپورٹ کے مطابق وزیر اعلی پختونخواہ کی ہدایت پر حال ہی میں کھیلوں کے پائیدار پروگرام کا آغاز کیا گیا، پختونخواہ سے تعلق رکھنے والے 33 ویں قومی کھیلوں کے کامیاب کھلاڑیوں کی 18 ماہ تک مالی معاونت کی گئی۔طلائی تمغہ جیتنے والے ہر کھلاڑی کی 15 ہزار، چاندی کا تمغہ جیتنے والے کی 10 ہزار اور کانسی کا تمغہ جیتنے والے کی 5 ہزار روپے سے مالی معاونت کی جارہی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا کہ 100 سے زائد ایتھلیٹس اس سہولت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں، ہنگامی صورتحال کے ذریعے 30 مختلف کوچز کو ملازمت دی جارہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں