حکومت کاروبارمیں آسانی کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے،صدر مملکت

راولپنڈی(سی این پی )صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ ملک میں سمارٹ لاک ڈائون کے باعث کورونا پر قابو پانے میں مدد ملی، پاکستانی عوام نے کورونا سے بچائو کیلئے ضابطہ کار پر بھرپور طریقہ سے عمل کیا، پاکستان چاول برآمد کرنے والا بڑا ملک ہے، مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کے ذریعے برآمدات میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انٹرنیشنل راول ایکسپو کے ورچوئل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کورونا وباء کے تناظر میں متاثر ہونے والے افراد پر بھرپور توجہ مرکوز کی، مزدور اور دیہاڑی دار طبقہ کی احساس پروگرام کے ذریعے امداد کی گئی، پاکستان دیگر ممالک کے مقابلہ میں کورونا وبا ء سے کم متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وبا میں تیزی سے کمی آ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر اپنی مصنوعات کے ذریعے دنیا کو یہ بتا سکتے ہیں کہ وہ کیا بنا رہے ہیں، یہ نمائش تاجروں کو اپنی مصنوعات فروخت کرنے کا بہترین موقع فراہم کرتی ہے، راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے یہ نمائش منعقد کرکے شاندار کام کیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ تاجروں کی بیرون ملک سفارتخانوں میں تعینات کمرشل قونصلرز کے ساتھ روابط کو فروغ دینے کی ضرورت ہے، وزارت خارجہ کمرشل قونصلرز کو مناسب انداز میں آگاہی فراہم کرتی ہے تاہم تاجر برادری بھی انہیں اپنی تجاویز سے آگاہ کر سکتی ہے تاکہ مختلف ممالک میں پاکستانی تاجروں کی مصنوعات کی کھپت میں اضافہ کیا جا سکے اور کمرشل قونصلر مختلف ممالک کی منڈیوں میں موجود مواقع کے بارے میں تاجروں کو آگاہ کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں روایتی برآمدات کے ساتھ ساتھ اپنی مصنوعات کی ویلیو ایڈڈ پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے، پاکستان اپنی جی ڈی پی میں 36 ارب ڈالر اضافہ کی صلاحیت رکھتا ہے، چیمبر آف کامرس پاکستان کے اندر مصنوعات کی پروڈکشن، مارکیٹنگ سمیت دیگر امور دیکھتا ہے، ہم زرعی ملک ہونے کی حیثیت سے روایتی پیداوار پر توجہ دیتے ہیں، پاکستان چاول برآمد کرنے والا بڑا ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فصلوں کی پیداوار میں بہتری لانے کی ضرورت ہے، فائبر، گارمنٹس، فیشن گارمنٹس کی مصنوعات کی ویلیو ایڈیشن کی ضرورت ہے، خام کپاس سے فیشن گارمنٹس برانڈڈ تک پانچ مرحلے ہیں، خام کپاس پیدا کرنے والے کو اس کا منافع کم اور برانڈڈ گارمنٹس بیچنے والے کو زیادہ ہوتا ہے، حکومت کاروبار میں آسانی کیلئے ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیورو کریسی کا کام کاروبار میں سہولت فراہم کرنا ہے، تاجروں کی شکایات کا ازالہ کرنا ان کی ذمہ داری ہے، وزارت خارجہ کو قونصلر کو آگاہی فراہم کرنی چاہئے، وزارت تجارت اور وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو سافٹ ویئر ٹیکنالوجی کی برآمد اور ٹیرف کے معاملات میں آسانی پیدا کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش سے دنیا بھر کی تاجر کمیونٹی تک پاکستانی مصنوعات کے بارے میں آگاہی پیدا ہو گی۔ انہوں نے نمائش میں شریک مختلف ممالک کے سفارتکاروں کا شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں