شیخ عبدالعزیز کے یوم شہادت کے موقع پر (کل) مکمل ہڑتال کی جائیگی ، سیدعلی گیلانی

سری نگر(سی این پی) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ جموںوکشمیر میں سینئر حریت رہنماء شیخ عبد العزیز کی شہادت کی 12ویں برسی کے موقع پر کل مکمل ہڑتال کی جائے گی ۔تفصیلات کے مطابق ہڑتال کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے ۔ شیخ عبد العزیز کوبھارتی فوجیوں نے 11 اگست 2008 ء کو اس وقت شہید کردیاتھا جب وہ جموں کے ہندو انتہاء پسندوں کی طرف سے وادی کشمیر کی اقتصادی ناکہ بندی کے خلاف سرینگر سے کنٹرول لائن کی طرف ایک مارچ کی قیادت کر رہے تھے۔ بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے شہید حریت رہنما کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کشمیری عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تحریک آزادی کشمیر کے شہداء کو شایان شان خراج عقیدت پیش کریں ۔ سید علی گیلانی نے شیخ عبدالعزیز کی شہادت کی برسی کے موقع پر ایک ٹویٹ پیغام میں کہاکہ کشمیری عوام شہداء کو زبردست خراج عقیدت پیش کر کے شہداء کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے اور اس سلسلے میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہ کرنے کے عزم کا اعادہ کریں گے ۔دیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموں بشمول غلام محمد خان سوپوری ، عبدالصمد انقلابی ، امتیاز ریشی ، جموںوکشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ، جموں وکشمیر نیشنل فرنٹ اور جموں وکشمیر ایمپلائیز موومنٹ نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہاکہ شیخ عبدالعزیز کی شہادت نے تحریک آزادی کشمیر کو ایک نئی جلا بخشی ہے ۔بھارتی قابض انتظامیہ نے کل شیخ عبدالعزیز کی شہادت کی برسی کے موقع پر بھارت مخالف مظاہروں کو روکنے کی غرض سے لوگوں کو گھروں میں محصور رکھنے کیلئے پابندیوں میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کر دی ہے ۔ حریت رہنما محمد یوسف نقاش نے سرینگر میں پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ علاقے میں بگڑتی ہوئی سیاسی ، سماجی اور انسانی حقوق کی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔راجوری کے علاقے تھنہ منڈی میں سیاسی وسماجی کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے بھارت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف عوامی شعور اجاگر کرنے کے لئے ایک مضبوط اور متحرک سول سوسائٹی کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام سے بندوق کی نوک پران کے وسائل اور شناخت چھینی جا رہی ہے۔ اجلاس کی صدارت حریت رہنما میر شاہد سلیم نے کی۔ بھارتی فوج کے زیر سرپرست بی جے پی بڈگام کے ضلعی صدر عبدالحمید نجار سرینگر کے ایک اسپتال میں دم توڑ گئے۔اسے گزشتہ روز ضلع بڈگام کے علاقے اومپورہ میں حملہ آوروں نے گولی مار کر زخمی کردیا تھا۔ اس قتل کے بعد وادی کشمیر میں پارٹی کارکنوں نے بڑے پیمانے پر استعفےٰ دے دیا ہے۔ گزشتہ 24گھنٹے کے دوران مزید آٹھ افرادنے استعفیٰ دیا ہے جبکہ پچھلے مہینے بی جے پی کے 17 کارکنوں نے استعفیٰ دیاتھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں